Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراق میں فٹ بال میچ سے قبل بھگدڑ میں ایک تماشائی ہلاک، درجنوں زخمی

بھگدڑ کے بعد عراق فٹ بال ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا کہ میچ شیڈول کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی
عراق میں عریبین گلف کپ فٹ بال کے فائنل سے قبل سٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی جس کے دوران ایک تماشائی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعرات کو عراقی شہر بصرہ کے سٹیڈیم میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
ہسپتال اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھگدڑ کے بعد ایک تماشائی کو مردہ جبکہ لگ بھگ 60 دیگر کو زخمی حالت میں نکالا گیا۔
حکام نے سٹیڈیم کے دروازے بند کر دیے تاہم میچ کو متبادل مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
بھگدڑ کے بعد عراق فٹ بال ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا کہ میچ شیڈول کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔
عریبین گلف کپ کا فائنل عراق اور اومان کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔
عراق کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بصرہ سٹیڈیم میں گنجائش سے زیادہ تماشائیوں کے آ جانے کے بعد ال مینا سٹیڈیم کو بھی کھول دیا گیا۔
فٹ بال کے شائقین کے لیے شہر میں درجنوں بڑی سکرینز لگائی گئی ہیں جہاں میچ کو براہ راست نشر کیا جا رہا ہے۔
طویل عرصے سے عالمی مقابلوں کی میزبانی سے دور رہنے والے جنگ زدہ عراق میں گلف کپ کی میزبانی کو اہم سمجھا جا رہا ہے تاہم ٹورنامنٹ کے دوران ہی عراقی حکام نے ناکافی انتظامات پر معذرت بھی کی۔
میچ شام کو پانچ بجے شیڈول تھا جبکہ دن کے آغاز پر ہی ہزاروں کی تعداد میں فٹ بال شائقین عراق کے جنوبی شہر بصرہ کے سٹیڈیم کے باہر جمع ہو گئے تھے۔
وزارت داخلہ کے مطابق ہزاروں افراد بغیر ٹکٹ کے سٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہزاروں افراد سٹیڈیم کے باہر جمع ہیں اور اندر جانے کی تگ و دو کر رہے ہیں۔

شیئر: