نیوم شہر کا 20 فیصد بنیادی ڈھانچہ مکمل
پرائیویٹ سیکٹرمیں سرمایہ کاری کے زریں مواقع موجود ہیں(فوٹو: ٹوئٹر)
نیوم کے ایگزیکٹیوچیئرمین انجینیئر نظمی النصر نے کہا ہے کہ نیوم سٹی کا 20 فیصد بنیادی ڈھانچہ مکمل کرلیا گیا۔ تعمیر کے لیے تیار مقامات تک بنیادی ڈھانچہ پہنچانے کا کام جاری ہے۔
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نظمی النصر نے کہا کہ ’نیوم سٹی منصوبہ متعدد مرحلوں میں مکمل ہو گا۔ یہ کوئی ایک منصوبہ نہیں بلکہ دسیوں منصوبوں کا مجموعہ ہے۔ آئندہ سال سندالہ جزیرے کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ اس کے بعد دیگر منصوبوں کے افتتاح کا تانتا لگ جائے گا۔‘
نظمی النصر نے توجہ دلائی کہ ’بنیادی ڈھانچہ مکمل کرنے پر ہماری کمپنی سعودی اور غیرملکی پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی ترغیبات فراہم کرے گی۔ نیوم میں پرائیویٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے زریں مواقع موجود ہیں۔
نظمی النصر نے کہا کہ سرمایہ کاری اور فنڈنگ کے مواقع کی موجودگی ظاہر کرتی ہے کہ نیوم منصوبہ کامیاب کاروباری منصوبہ ہے۔ یہی پہلو 2022 کے دوران امریکہ، یورپی و ایشیائی ممالک کے سرمایہ کاروں کو نیوم آنے پر آمادہ کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہماری کمپنی سے رابطے کر کے سرمایہ کاروں نے نیوم کا تعارف حاصل کیا۔ اس کے منصوبوں کے بارے میں معلومات طلب کیں اور سرمایہ کاری کے مواقع دریافت کیے۔ ردعمل حوصلہ افزا بھی رہا اور شاندار بھی۔‘