قاہرہ ....اسرائیلی عہدیداروں نے امریکہ اور روس کے ساتھ اسلحہ کے سعودی سودوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یہ بات اسرائیلی جریدے ”معاریف“ نے اپنے نئے شمارے میں شائع کی ہے۔ اسرائیلی جریدے نے خبر کی سرخی ”امریکہ او رروس کے درمیان سعودیوں کو ہتھیار کی فراہمی میں مسابقت “ لگاکریہ اطلاع دی ہے کہ امریکہ کے سابق صدر باراک اوباما کے دور میں ریاض اور واشنگٹن کے درمیان اختلافات پیدا ہونے کے بعد سے سعودی عرب نے اسلحہ کے سلسلے میں امریکہ پر انحصار بند کردیاتھا۔ سعودی عرب نے اسلحہ کے حوالے سے تمام دروازے کھلے رکھنے کی پالیسی اختیارکرنی ہے۔ معاریف نے سی این بی سی کی رپورٹ کا حوالہ بھی دیا جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب ، امریکی اسلحہ پر انحصار کرتا رہا ہے تاہم اس نے حالیہ ایام میں آہستہ آہستہ روس کا رخ کرنا شروع کردیا ہے۔ امریکہ نے 2012ءسے 2015ءتک مشرق وسطی ٰ کے ملکوں کو جتنا اسلحہ فروخت کیا اسکا 50فیصد مملکت کیلئے مخصوص تھا۔