ہوٹلوں کے نئے کمروں کی تعمیر، سعودی عرب خطے میں سب سے آگے
متحدہ عرب امارات 27 ہزار 456 کمروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا( فائل فوٹو: روئٹرز)
تجزیاتی کمپنی ایس ٹی آر کے اعداد و شمار کے مطابق مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں ہوٹل پائپ لائن کی سرگرمیوں نے 2022 کے آخر میں اضافہ دیکھ کرعالمی رجحان کو آگے بڑھایا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ دسمبر میں خطے میں دو لاکھ، 38 ہزار635 ہوٹلوں کے کمرے معاہدے کے تحت تھے جو کہ 2021 میں اسی مہینے کے مقابلے میں 1.1 فیصد زیادہ ہے۔
یہ اضافہ دیگر تمام خطوں کے برعکس تھا، یورپ میں 11.2 فیصد کمی، ایشیا پیسیفک میں 5.4 فیصد اور امریکہ میں 3.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں ہوٹل کے کمروں کی تعمیر میں سعودی عرب سب سے آگے تھا جس کی تعداد 40 ہزار 742 تھی۔
متحدہ عرب امارات 27 ہزار 456 کمروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا۔
سعودی عرب میں تعمیرات اس کے وژن 2030 کے منصوبے کے حصے کے طور پر اس دہائی کے آخر تک 100 ملین وزیٹرز کو راغب کرنے کے مملکت کے ہدف کے مطابق ہے۔
گزشتہ اکتوبر ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو فورم کے موقع پر عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے سعودی وزیر سیاحت کی چیف سپیشل ایڈوائزر گلوریا گویرا نے کہا کہ تھا کہ ’سعودی عرب نئے سیکٹر کو فروغ دینے کی کوشش میں اپنے قدرتی اثاثوں جیسے بحیرہ احمر میں زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا رہا ہے۔‘
2010 سے 2012 تک میکسیکو میں سیکریٹری سیاحت کے طور پر خدمات انجام دینے والی گلوریا گویرا نے کہا کہ ان کے آبائی ملک کو اپنی سیاحت کی صنعت کو ترقی دینے میں 40 سال لگے لیکن سعودی عرب اس وقت کے ایک چوتھائی میں یہ کام کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’2030 تک اس شعبے میں 10 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ اس وقت تک ہمارے پاس 100 ملین وزیٹرز ہوں گے، اور ہم جی ڈی پی کا 10 فیصد ہونے کی امید کر رہے ہیں جو کہ بہت زیادہ ہے۔‘