ہاکی ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے انڈیا کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا
اتوار 22 جنوری 2023 21:41
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ابتدا میں انڈیا کو میچ میں انڈیا کو پہلے 0-2 اور پھر 1-3 سے برتری حاصل ہوئی۔ (فوٹو: ٹوئٹر ہاکی انڈیا)
ہاکی ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ نے انڈیا کو شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا ہے۔
اتوار کو انڈیا کے شہر بھوبنیشور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈیا کو پینلٹی شوٹ پر چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔
انڈیا کو ہرانے کے بعد نیوزی لینڈ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
میچ میں انڈیا کو پہلے 0-2 اور پھر 1-3 سے برتری حاصل ہوئی تاہم نیوزی لینڈ کی جانب سے دباؤ ڈالے جانے کے بعد انڈیا کا دفاع کمزور پڑ گیا، جس کے بعد 60 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ نے مقابلہ 3-3 سے برابر کر دیا۔
انڈیا کی جانب سے للت اوپادھیے، سکھجیت سنگھ اور ورن کمار نے میچ کے ریگولیشن مرحلے میں گول کیے جبکہ نیوزی لینڈ کی طرف سے سیم لین، کین رسل اور شان فنڈلی نے گیند کو گول میں پھینکا۔
مقابلہ برابر ہونے کے بعد پینٹلی شوٹ آؤٹ کے مرحلے کا آغاز ہوا جس میں دونوں ٹیموں نے خوب مزاحمت دکھائی۔
پینلٹی شوٹ آؤٹ میں بھی جب مقابلہ چار چار گول سے برابر تھا تو انڈین کھلاڑی سکھجیت سنگھ نے پینلٹی ضائع کر دی جس کے بعد نیوزی لینڈ کے سیم لین نے پینلٹی پر گول کرنے کے بعد ٹیم کو چار کے مقابلے میں پانچ گول کی برتری دلا دی۔
انڈیا کی جانب سے آخری پینلٹی شمشیر سنگھ نے لگائی جس میں وہ گول کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد نیوزی لینڈ کو فاتح قرار دے دیا گیا۔
24 جنوری کو نیوزی لینڈ اور بیلجیئم کے درمیان ہاکی ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل کھیلا جائے گا۔