Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامن ویلتھ گیمز ہاکی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4-1 سے ہرا دیا

پاکستان کی بہترین کارکردگی میلبرن میں 2006 کے ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنا تھا۔ (فوٹو: روئٹرز)
کامن ویلتھ گیمز میں نیوزی لینڈ کی ہاکی ٹیم نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا کوارٹر اچھا کھیلی۔
پہلے کوارٹر کے احتتام پر مقابلہ بغیر گول کے برابر رہا لیکن دوسرا کوارٹر شروع ہوا تو کیوی ٹیم پاکستان پر حاوی ہوگئی۔
کیوی کھلاڑی ہوگو نے دو منٹ میں دو گول داغ دیے۔ 25 ویں منٹ میں غضنفر علی نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول سکور کیا۔
تیسرے کوارٹر میں کیوی کھلاڑی تھامس نے سکور 1-3 کر دیا۔  
میچ کے آخری لمحات میں لین سیم نے ایک اور گول کرکے  نیوزی لینڈ کو 1-4 سے فتح دلا دی۔
پاکستان نے ایونٹ میں اپنا پہلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ 2-2 گول سے برابر رہا تھا۔
ایونٹ میں پاکستان ٹیم دو میچز کے بعد صرف ایک پوائنٹ حاصل کر سکی ہے۔
نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد گرین شرٹس کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔
کامن ویلتھ گیمز میں مردوں کے ہاکی مقابلوں میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کو پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
خیال رہے پاکستان نے ماضی میں کبھی بھی کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل نہیں جیتا۔
پاکستان کی بہترین کارکردگی میلبرن میں 2006 کے ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنا تھا جب کہ گرین شرٹس 2002 میں مانچسٹر میں ہونے والے گیمز کے دوران کانسی کا تمغہ جیتنے میں بھی کامیاب ہوئی تھی۔

شیئر: