کس بولر نے سب سے زیادہ بیٹرز کو 99 رنز پر آؤٹ کیا؟
منگل 24 جنوری 2023 12:06
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
روی رامپال کیریئر میں ایک بار وراٹ کوہلی کو بھی 99 رنز پر آؤٹ کر چکے ہیں۔ (فوٹو: یوٹیوب سکرین شاٹ)
انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ بیٹرز کو 99 رنز پر آؤٹ کرنے والے بولر ویسٹ انڈیز کے روی رامپال ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں چار بیٹرز کو سینچری سے ایک رن کی دوری پر آؤٹ کیا۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق روی رامپال اپنے کیریئر میں انڈیا کے وراٹ کوہلی، انگلینڈ کے جوز بٹلر، سری لنکا کے کوشل پریرا اور انگلینڈ کے ایلکس ہیلز کو 99 رنز پر آؤٹ کر چکے ہیں۔
سنہ 2013 میں انڈیا کے دورے کے دوران دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں روی رامپال نے وشاکا پٹنم میں وراٹ کوہلی کو 99 رنز پر آؤٹ کیا تھا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ میچ دو وکٹوں سے جیت گئی تھی۔
مارچ 2014 میں انگلینڈ کے جوز بٹلر ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں روی رامپال کی گیند پر 99 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔
سنہ 2015 میں سری لنکا کے خلاف کولمبو کے کرکٹ گراؤنڈ میں ون ڈے میچ کے دوران روی رامپال نے سری لنکن اوپنر کوشل پریرا کو 99 رنز پر آؤٹ کیا تھا۔ یہ میچ سری لنکا کی ٹیم آٹھ وکٹوں سے جیت گئی تھی۔
اس سے قبل 2012 میں انگلینڈ کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے ایک ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں روی رامپال الیکس ہلیز کو 99 رنز پر آؤٹ کر چکے ہیں۔
روی رامپال سے قبل جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ایلن ڈونلڈ ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کے سلیم ملک اور نیوزی لینڈ کے سٹیفن فلیمنگ کو 99 رنز پر آؤٹ کر چکے ہیں۔
انڈٰیا کے سابق کرکٹر مدن لال نے ایک ون ڈے میچ میں ایلن لیمب اور ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے جاوید میانداد کو 99 رنز پر آؤٹ کیا تھا۔
اس فہرست میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عمر گل بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں دو بیٹرز کو 99 رنز پر پویلین واپس بھیجا تھا۔ ’گل ڈوزر‘ کہلانے والے پاکستانی بولر نے ایک ٹیسٹ میچ میں انڈین گریٹ سچن تنڈولکر اور ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ڈینیل ویٹوری کو 99 رنز پر آؤٹ کیا تھا۔