Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میں ورلڈ نمبر وَن ہوں، وراٹ کوہلی میرے بعد ہیں: پاکستانی اوپنر خرم منظور

خرم منظور 26 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے بیٹر خرم منظور کا کہنا ہے کہ دنیا کے ٹاپ 10 پلیئرز میں وہ سابق انڈین کپتان وراٹ کوہلی سے آگے ہیں۔
ایک یوٹیوب چینل پر دیے گئے انٹرویو میں خرم منظور کا کہنا تھا کہ ’میں اپنا موازنہ وراٹ کوہلی سے نہیں کر رہا۔ دُنیا کے جو ٹاپ 10 پلیئرز ہیں نا 50 اوور کرکٹ میں اس میں میں ورلڈ نمبر وَن ہوں۔ میرے بعد وراٹ کوہلی ہے جو چھٹی اننگز میں 100 کرتا ہے۔‘
خرم منظور کا مزید کہنا تھا کہ وہ ’لسٹ اے‘ یعنی ون ڈے کرکٹ میں ہر 5.68 اننگز کے بعد سینچری کرتے ہیں جو کہ اپنے آپ میں ایک اعزاز ہے۔
یوٹیوب چینل کے میزبان کی جانب سے ان سے پوچھا گیا کہ اتنا اچھا بیٹنگ ریکارڈ ہونے کے باوجود ان کی ٹیم میں نہ ہونے کی وجہ کیا ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے 36 سالہ اوپنر کا کہنا تھا کہ پچھلے 10 سالوں سے ان کی بیٹنگ کی اوسط 53 سے زیادہ ہے اور ’نظر انداز کیوں کیا جا رہا ہے اس کی کوئی وجہ نہیں دیتا۔‘
خرم منظور اپنے ’لسٹ اے‘ کیریئر میں اب تک 7990 رنز بنا چکے ہیں جس میں 27 سینچریاں شامل ہیں اور ان کی بیٹنگ کی اوسط 53.42 ہے جس کی وجہ سے ان کا شمار سب سے زیادہ اوسط رکھنے والے ٹاپ 10 بیٹرز میں چھٹے نمبر پر ہوتا ہے۔
دوسری جانب وراٹ کوہلی اپنے کیریئر میں 294 اننگز کھیل کر 14215 رنز بنا چکے ہیں اور وہ ہر 5.88 اننگز کے بعد سینچری کرتے ہیں۔
خرم منظور اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 16 ٹیسٹ، سات ون ڈے اور تین ٹی 20 میچ کھیل چکے ہیں۔

شیئر: