Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کے قومی عجائب گھر میں نادر زیورات کی نمائش

نایاب زیورات، گھڑیاں اور نادر اشیاء کے تقریباً 280 نمونے نمائش میں موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض کے قومی عجائب گھر میں فرانسیسی لگژری جیولری برانڈ Van Cleef & Arpels  کی جانب سے انتہائی پرکشش اور بیش قیمت زیورات کی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق زیورات کی اس نمائش میں ایسی تخلیقات رکھی گئی ہیں جو اس سے قبل زیورات کے حوالے سے زمانہ قدیم کی معروف شخصیات برطانوی اداکارہ الزبتھ ٹیلر، امریکی اداکارہ گریس کیلی اور مصر کی ملکہ نازلی صبری اور شہزادی فوزیہ فواد کی  شخصیات سے جڑی ہوئی تھیں۔

ہم خاص نسخوں کو محفوظ رکھنے میں منفرد انداز کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

سعودی عرب کے نیشنل میوزیم میں منعقد ہونے والی 'وین کلیف اینڈ آرپیلز' منفرد اور قدیم زیورات کے ڈیزائن کی اس نمائش کا 19 جنوری سے افتتاح ہو چکا ہے جو تین ماہ تک جاری رہے گی۔
اعلیٰ ترین زیورات جو تاریخ کے حوالے سے معروف ڈیزائن کے ساتھ عمدہ فنکارانہ صلاحیت اور خاص دستکاری کے نمونے سمجھے جاتے ہیں اس منفرد انداز کی نمائش میں عوام کے لیے پیش کئے گئے ہیں۔
مملکت میں لگائی گئی اپنی نوعیت کی اس پہلی نمائش میں 1906 کے دور کے بعد سے بنائے گئے منفرد زیورات، گھڑیوں اور نادر اشیاء کے تقریباً 280 نمونے رکھے گئے ہیں۔

زیورات کے شعبے کے ماہرین اس نمائش کا ضرور حصہ بنیں گے۔ فوٹو عرب نیوز

اٹلی میں کے شہر میلان پولی ٹیکنک یونیورسٹی میں زیورات کے ڈیزائن کی پروفیسر اور میلانو فیشن انسٹی ٹیوٹ کی صدر البا کیپیلیری کی زیر نگرانی نایاب زیورات کی ان تخلیقات کا انتخاب انتہائی محتاط انداز  سے کیا گیا ہے۔
یہ مجموعہ تین حصوں کے مطابق ہے جو وقت، فطرت اور محبت کے تصورات کے لیے وقف ہے۔
وین کلیف اینڈ آرپیلز کے صدر اور سی ای او نکولس بوس نے  بتایا ہے کہ ہم اس نمائش کے ذریعے جو پیغام دینا چاہتے ہیں وہ یہ کہ زیورات فن کی ایک  سحر انگیز اور دلچسپ شکل ہے۔

قدیم زیورات کے ڈیزائن کی نمائش تین ماہ تک جاری رہے گی۔ فوٹو عرب نیوز

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ زیورات کے شعبے کے ماہرین اور آرائش و فنون میں دلچسپی  اور تجسس رکھنے والے اس نمائش کا ضرور حصہ بنیں گے۔
نکولس بورس نے مزید کہا کہ بعض اوقات کسی نایاب چیز کی قیمت سے قطع نظر کاریگری کا انداز، اس سے جڑے منفرد اشکال کے نایاب اور خوبصورت پتھر فن اور ثقافت کی عمدہ مثال پیش کرتے ہیں جو غیر متوقع ہوتے ہیں۔
اعلیٰ زیورات کے علاوہ 90 سے زیادہ  انتہائی نایاب اور محفوظ شدہ دستاویزات، کچھ خاکے اور  ان کے ڈیزائن بنانے کے پیٹرن بھی نمائش میں رکھے گئے ہیں۔

نایاب چیز کی قیمت سے قطع نظر کاریگری کا انداز عمدہ مثال پیش کرتا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

ریاض کے  نیشنل میوزیم کی ڈائریکٹر جنرل لیلیٰ الفداغ نے بتایا کہ  قدیم زیورات کی نمائش میں 'Van Cleef & Arpels' اپنے خاص نسخوں کو محفوظ رکھنے میں منفرد انداز اور انہیں فروغ دینے میں  کمال صلاحیت رکھتا ہے اور یہی وہ چیز ہے جو عجائب گھر میں نمائش کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
قدیم طرز کے زیورات کے لازوال نمونوں کی وسیع رینج کے علاوہ یہ نمائش وان کلیف اینڈ آرپلز کی کچھ بنیادی اقدار یعنی تخلیق، ترسیل اور اس فن کی تعلیم کی توثیق کرتی ہے۔
 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: