سعودی عرب میں 40 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام
سعودی عرب میں 40 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام
بدھ 25 جنوری 2023 18:03
نشہ آور گولیاں مویشیوں کے چارے کے کنٹینر میں چھپا کر سمگل کی جارہی تھیں(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ انسداد منشیات نے 40 لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان محمد النجیدی نے کہا کہ ’سعودی عرب کے امن اور اس کے نوجوانوں کو توڑنے کے لیے نشہ آور اشیا کی سمگلنگ کے نیٹ ورک پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ 40 لاکھ 91 ہزار 250 نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنائی گئی ہے‘۔
ترجمان نے کہا کہ ’سمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کے سلسلے میں قطر کے محکمہ انسداد منشیات کا تعاون حاصل رہا۔ جدہ اسلامی بندرگاہ میں زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کے تعاون سے کارروائی کی گئی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ نشہ آور گولیاں مویشیوں کے چارے کے کنٹینر میں چھپا کر سمگل کی جارہی تھیں۔ ریاض ریجن میں دو غیرملکیوں نے یہ گولیاں وصول کیں‘۔
’ملزمان کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ان میں سے ایک کا تعلق مصر اور دوسرے کا اردن سے ہے۔ ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا‘۔