Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ، 255 روپے تک پہنچ گیا

انٹر بینک مارکیٹ میں اس وقت ایک امریکی ڈالر 241 روپے کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں جمعرات کو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں تیز رفتار اور ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
ایکسچینج کمپنیز کی جانب سے ڈالر کی قدر پر مقرر حد (کیپ) ختم کرنے کے بعد اوپن مارکیٹ کے ساتھ انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کے نرخ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق اس وقت اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ 253 روپے اور 255 روپے کے درمیان ہے جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 255 روپے سے 260 روپے ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک ڈالر کا کاروبار جمرات کو 255 روپے 43 پیسے پر بند ہوا۔ یہ ایک دن میں ڈالر کی قدر میں اضافے کی بلندترین سطح ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں 26 جنوری کو کاروباری اوقات کے پہلے حصے میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 245 روپے تھی جبکہ گزشتہ روز 243 روپے پر مارکیٹ بند ہوئی تھی۔ 
قبل ازیں جمعرات کی صبح کراچی کے نجی بینک کے مینیجر نے اردو نیوز کو بتایا کہ انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جمعرات کی صبح انٹر بینک مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 233 سے 235 میں خریدا جا رہا ہے جبکہ 248 سے 250 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔‘
معاشی امور کے ماہر عبدالعظیم نے اردو نیوز کو بتایا کہ ایکسچینج کمپنیز کی جانب سے ڈالر ریٹ سے کیپ ہٹانے کے بعد دوسرے روز بھی روپے کی قدر میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔
’مارکیٹ ریٹ میں دو روپے سے زیادہ کا فرق ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی ہو گی تو عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑے گا۔
’اس وقت ضروری ہے کہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جائے اور ایسے حالات بنائے جائیں کہ سرمایہ کار بنا خوف ملک میں سرمایہ کاری کر سکیں۔‘
ادھر سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے اور اب تک ایک ہزار پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔

شیئر: