سعودی عرب نے جمعے کو تہران میں آذربائیجان کے سفارتخانے پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے جس میں ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ہر قسم کے تشدد کو مسترد کیے جانے سے متعلق موقف کا اعادہ کیا۔
بیان میں آذربائیجان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی، سفارتی مشنوں کےاحترام اور حملے میں ملوث افراد کو سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ جمعے کی صبح ایک مسلح شخص نے آذربائیجان کے سفارتخانے پر حملہ کیا۔ وہاں تعینات ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔