فرانس اور عراق کے درمیان جامع سٹریٹجک شراکت کا معاہدہ
فرانس اور عراق کے درمیان جامع سٹریٹجک شراکت کا معاہدہ
جمعہ 27 جنوری 2023 21:18
فرانسیسی صدر سے عراقی وزیراعظم نے ملاقات کی ہے( فوٹو: ٹوئٹر عراقی پرائم منسٹر آفس)
فرانس کے صدر ایمانویل میکرن سے جمعے کو عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے پیرس میں ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی مسائل اور کئی اہم شعبوں میں مشترکہ تعاون کے ماضی، حال اور مستقبل کا جائزہ لیا۔ فرانس اور عراق کے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عراق اور فرانس کے درمیان سٹرٹیجک شراکت کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس میں اقتصادی و سلامتی شعبوں نیز دہشت گردی و انتہا پسندی کے انسداد اور ثقافتی تبادلے کے استحکام کو شامل کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں تعلیم، انسانی حقوق کے فروغ، ماحولیاتی تحفظ، منظم جرائم اور اقتصادی جرائم کے انسداد نیز بحرانوں کو قابو کرنے والے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عراقی وزیراعظم نے فرانس کی وزیراعظم ایلزبتھ بورن سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے استحکام کے طریقوں، آثار قدیمہ کے تحفظ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق فرانسیسی ایوان صدر نے بیان میں کہا کہ ’یورپی ممالک اور عراق کے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کےلیے سٹریٹجک معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’فرانس کے صدر اورعراقی وزیر اعظم نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو انسداد بدعنوانی، سیکیورٹی، قابل تجدید توانائی اور ثقافتی شعبے میں دوطرفہ تعقلقات کو مضبوط بنانے کےلیے ہے۔