ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی فیس غلط جمع ہوگئی، واپسی ممکن ہے؟
ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی فیس غلط جمع ہوگئی، واپسی ممکن ہے؟
اتوار 29 جنوری 2023 0:02
اگرغلط نمبرفیڈ کردیا جائے تو فیس اسی اکاونٹ میں رہے گی (فائل فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی سہولت ابشر اکاؤنٹ پرموجود ہے تاہم تجدید کے لیے اپلائی کرنے سے پہلے مقررہ ضوابط اور منظورشدہ ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔
ادارہ ٹریفک پولیس کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی فیس غلط جمع ہوگئی کس طرح واپس ہوسکتی ہے؟‘
سوال کے جواب میں ادارے کا کہنا تھا کہ ’جس بینک اکاونٹ سے فیس جمع کرائی گئی ہے اسی کے ذریعے واپسی کے لیے کارروائی کی جائے‘۔
واضح رہے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے بینک اکاونٹ کے ’سداد ‘ آپشن کو استعمال کرتے ہوئے مقررہ فیس جمع کرائی جاسکتی ہے۔
فیس جمع کرانے کے بعد ابشر پلیٹ فارم سے لائسنس کی تجدید کی کارروائی مکمل کی جائے جس کےلیے اپنے ابشراکاونٹ پرلاگ ان کرنے کے بعد ٹریفک پولیس کے پورٹل کا انتخاب کریں بعدازاں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی کمانڈ دی جائے۔
ابشرپرلائسنس کی تجدید سے قبل اہم امورکا خیال رکھنا ضروری ہے جن میں میڈیکل چیک اپ جوکہ منظورشدہ کلینک سے ہواورمیڈیکل سرٹیفیکٹ کلینک سے براہ راست ٹریفک پولیس کے پورٹل پرارسال کیاجانا چاہئے۔
یہاں اس امرکا بھی خیال رکھنا ضروری ہے کہ ایسے ادارے سے طبی چیک اپ کرایا جائے جوٹریفک پولیس کے ادارے سے منسلک ہو۔ وہ طبی ادارے جوبراہ راست ٹریفک پولیس میں رجسٹرنہیں ان کے ذریعے چیک اپ کرانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ طبی سرٹیفکیٹ ادارہ ٹریفک پولیس کے سسٹم میں یا توپہنچتا ہی نہیں یا کافی دیرسے اپ لوڈ ہوتا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ادارے جوبراہ راست ٹریفک پولیس سے لنک نہیں وہ بلواسطہ کام کرتے ہیں جوکسی دوسرے ادارے کورپورٹ ارسال کرتے ہیں جس کے بعد وہ ادارہ ٹریفک پولیس کےسسٹم میں رپورٹ کو اپ لوڈ کرتے ہیں جس کی وجہ سے تاخیرکاسامناکرنا پڑتا ہے۔
لائسنس کی تجدید کےلیے جمع کرائی جانےوالی فیس بینک کے سداد سسٹم میں اس وقت تک رہتی ہے جب تک ابشرپلیٹ فارم کے ذریعے تجدید کی کارروائی کی کمانڈ نہ دی جائے۔
جمع کرائی گئی فیس اسی صورت میں واپس لی جاسکتی ہے جب وہ غلطی سے کسی اوراکاونٹ میں جمع کرائی گئی ہو کیونکہ اقامہ نمبرجس سے ڈرائیونگ لائسنس بھی مربوط ہوتا ہے اگرغلط نمبرفیڈ کردیاجائے تو فیس جمع نہیں ہوگی بلکہ اسی اکاونٹ میں رہے گی۔
فیس واپس لینے کے لیے ضروری ہے کہ اسی اکاونٹ سے واپسی کا مطالبہ کیاجائے۔ فیس کی واپسی میں کچھ وقت لگتا ہے تاہم بعض اوقات فوری طورپروصول ہوجاتی ہے تاہم فیس کی واپسی میں تین سے7 دن لگتے ہیں۔
اگرفیس کسی سروسزفراہم کرنے والے ادارے کے ذریعے جمع کرائی گئی ہونے کی صورت میں واپسی اسی کے اکاونٹ میں ہوگی۔