ابشر کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، کن غلطیوں سے بچا جائے؟
ابشر کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، کن غلطیوں سے بچا جائے؟
منگل 13 دسمبر 2022 0:05
ابشر اکاونٹ پرلاگ ان کرنے سے قبل طبی معائنہ کرنا ضروری ہوتا ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی سہولت ابشر اکاؤنٹ پرموجود ہے تاہم تجدید کے لیے اپلائی کرنے سے پہلے مقررہ و منظورشدہ ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے ایک شخص نے ادارہ ٹریفک پولیس کے ٹوئٹرپردریافت کیا ’ ڈرائیونگ لائسنس ابشر کے ذریعے تجدید کیا ہے۔ وصولی کے لیے ڈاک کی مخصوص سروس کی درخواست کی تھی۔ تاحال لائسنس موصول نہیں ہوا، اس صورت میں کیا کروں؟‘
ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا کہ’ وصولی میں مقررہ وقت سے زیادہ تاخیر ہونے کی صورت میں ادارہ ٹریفک پولیس کے مقررہ شعبے سے رجوع کیاجائے جہاں موجود اہلکار کے ذریعے نہ صرف معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں‘۔
واضح رہے ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کےلیے ابشر اکاونٹ پرسہولت فراہم کی ہے۔ ابشر اکاونٹ پرلاگ ان کرنے سے قبل طبی معائنہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔
طبی معائنہ کے لیے منظورشدہ لیبارٹری کی خدمات ہی حاصل کی جائیں بصورت دیگرمیڈیکل سرٹیفکیٹ ادارہ ٹریفک پولیس کے متعلقہ پورٹل میں اپ لوڈ نہیں ہوگا جس کے سبب ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا عمل مکمل نہیں ہوسکتا۔
ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے ضروری ہے کہ تجدید کی فیس ادا کرنےاور طبی معائنہ کا سرٹیفکیٹ ٹریفک پولیس کے پورٹل میں اپ لوڈ ہونے کے بعد ہی ابشر اکاونٹ کے ذریعے تجدید کی کمانڈ دی جائے۔
ابشر پورٹل پرتجدید کرانے کے بعد دوآپشن پیش کیے جاتے ہیں پہلے آپشن میں لائسنس ادارے کے دفتر سے وصول کرنا جبکہ دوسرا ہوم ڈلیوری کےلیے ڈاک سروس کا حصول ہے۔
ڈاک کے ذریعے تجدید شدہ لائسنس حاصل کرنے کی فیس مقرر ہے جو 17.25 ریال ہے جس ادا کرنے کے بعد ابشر اکاونٹ کے ذریعے صارف کے گھر کا ایڈریس اورلوکیشن ظاہرہوگی جسے منتخب کرنے کے بعد دو سے چار دن تک مقررہ عنوان پرڈاک کے ذریعے تجدید شدہ لائسنس ارسال کردیاجاتا ہے۔
بعض افراد یہ غلطی کرتے ہیں کہ وہ ہوم ڈلیوری کی فیس ادا نہیں کرتے اورخیال کرتے ہیں کہ فیس ڈلیوری کے وقت ادا کی جائے گی جبکہ غلط ہے جس کی وجہ سے ان کی دستاویز مقررہ دن گزرنے کے باوجود ایڈریس پرنہیں پہنچتے۔
اگرفیس بھی ادا کی گئی ہواورڈلیوری نہ آئے اس صورت میں ادارہ ٹریفک پولیس کے شعبہ ڈرائیونگ لائسنس سے رجوع کرکے تجدید شدہ کاپی حاصل کی جاسکتی ہے۔ قبل ازیں محکمہ ڈاک سے رجوع کیاجاسکتا ہے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ دشواری کیا ہے جس کی وجہ سے ڈاک وقت مقررہ پرموصول نہیں ہوئی۔
دیکھا یہ گیا ہے کہ عام طورپرتجدید شدہ ڈرائیونگ لائسنس یا اقامہ کارڈ وقت مقررہ پرموصول ہوجاتے ہیں اگرایڈریس درست طورپراپ لوڈ اورفیس ادا کی گئی ہو۔