Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں نیا محلہ ’الفرسان‘ بسایا جائے گا

الفرسان محلہ ریاض کے شمال مشرق میں بسایا جائے گا (فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں دارالحکومت ریاض میں ’الفرسان‘ محلہ بسایا جائے گا۔ 
الاقتصادیہ کے مطابق الوطنیہ للاسکان نے پیر کو کہا ہے کہ ریاض شہر میں نیا بڑا محلہ ’الفرسان‘ کے نام سے بسایا جائے گا۔ علاوہ ازیں خزام محلے کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل کیا جائے گا۔ دونوں محلوں کی تکمیل سے ریاض میں مکانات بڑی تعداد میں مہیا ہوں گے۔ 
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مکان پروگرام کے حوالے سے کوشاں ہیں کہ 2030 تک 70 فیصد تک سعودی شہری اپنے مکان کے مالک بن جائیں۔ 2020 تک 60 فیصد تک کا ہدف تھا۔ 
الفرسان محلہ ریاض کے شمال مشرق میں 35 ملین مربع میٹر کے رقبے پر بسایا جائے گا۔ یہاں 50 ہزار سے زیادہ رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے جن میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ افراد رہائش اختیار کر سکیں گے۔ 
خزام محلہ ریاض کے شمال میں بسایا جا رہا ہے۔21 ملین مربع میٹر کے رقبے پر 30 ہزار رہائشی یونٹ تعمیر ہوں گے جن میں ڈیڑھ لاکھ افراد رہائش اختیار کریں گے۔ خزام محلے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔
کمپنی نے الفرسان محلے کے حوالے سے توقع ظاہرکی ہے کہ 2026 کے شروع میں مکانات کی حوالگی شروع ہوجائے گی۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: