Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیر نے ٹرینر کی گردن دبو چ لی

ڈولنز، شمالی فرانس ..... ایک مقامی سرکس میں تماشا دیکھنے کیلئے آنے والے لوگوں نے اس وقت زبردست چیخ و پکار مچا دی جب سرکس کے شیر نے کرتب دکھانے کے دوران اپنے ٹرینر کی گردن جبڑے میں دبوچ لی اور اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اسی حالت میں اسے گھسیٹتا ہوا پورے ایرینا کا چکر لگاتا رہا۔یہ ایک عجیب و غریب واقعہ تھا ورنہ اس سے قبل یہ شیر اپنے ٹرینر پر اتنا جارح کبھی نہیں ہوا تھا۔ شیر کی اس خطرناک حرکت سے اسکا ٹرینر کافی زخمی ہوا ہے جبکہ اسکا گلا بھی شیر کے دانتوں میں آنے کی وجہ سے کئی جگہ سے پھٹ گیا ہے۔ یہ ہولناک منظر خواتین اور انکے ساتھ آنے والے بچوں نے بھی دیکھا اور پھر پورے سرکس کو ان لوگوں نے اپنی چیخ وپکار سے سر پر اٹھالیا۔ بچوں پر اس کا اثر اس لئے بھی زیادہ ہوا کہ رنگ کے باہر پہلی صف میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی تھی۔ سرکس میں دیکھنے کیلئے آنے والے ایک شخص نے موقع کی وڈیو فیس بک پر ڈالدی ہے۔ اس وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ تماشائیوں نے صرف چیخ و پکار نہیں مچائی بلکہ وہ اپنی نشستیں چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ ٹرینر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں اسکی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ٹرینر کی جان شیر سے چھڑانے کیلئے رنگ کے اندر دھواں بھی پھینکا گیا۔ جس کے طفیل شیر اپنے ٹرینر کو دیکھ نہیں سکا اور اس طرح سرکس کے دوسرے ارکان نے ٹرینر کو وہاں سے نکال لیا۔ موقع کی وڈیو اور تصاویر تیار کرنے والے شخص کا کہناتھا کہ اس واقعہ کے کافی دیر تک ان پر کپکپی طاری رہی اور دوسرے لوگوں کو بھی معمول پر آنے میں ا چھا خاصا وقت لگا۔ سرکس کے ایک ترجمان نے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ شیر اور اسکا ٹرینر کئی برس سے ایک ساتھکام کررہے تھے۔ اسپتال ذرائع کا کہناہے کہ اب ٹرینر کا آپریشن ہوگیا ہے اور اسکی فیملی کا کہناہے کہ 5گھنٹے کے پیچیدہ آپریشن کے بعد بھی وہ بے ہوش ہے مگر ابھی اسے آئندہ کئی دنوں تک اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا جائیگا۔دریں اثنا یہ بھی معلوم ہوا کہ اسکا ٹرینر اچھا ہوجائیگا تو اس وقت تک یہ شیر کسی شو میں حصہ نہیں لیگا تاہم جب ٹرینر واپس آئیگا تو دونوں ایک ساتھ کام کرنے لگیں گے۔

شیئر: