Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایم ایف کی شرائط کا دباؤ، ڈالر 274 روپے تک پہنچ گیا

اوپن مارکیٹ میں 276 سے 278 روپے میں ڈالر فروخت کیا جا رہا ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستانی روپے کے لیے رواں ہفتہ ملکی تاریخ کا مشکل ترین ہفتہ قرار دیا جا رہا ہے، پیر سے شروع ہونے والے ہفتے کے اختتام پر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 274 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ 
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے بیل آؤٹ پیکج کی سخت شرائط، ترسیلاتِ زر میں کمی اور تیزی سے کم ہوتے ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر کی وجہ سے روپے پر دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔
’موجودہ صورتحال میں حکومت نے سخت فیصلے نہ لیے تو آنے والے دنوں میں مزید مشکلات ہوسکتی ہیں۔‘
فاریکس ڈیلرز کے مطابق پاکستان میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعے کو روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید مستحکم ہوا ہے۔
انٹر بینک مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 274 روپے ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 276 سے 278 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ گذشتہ ہفتے کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر انٹربینک مارکیٹ میں 262 روپے کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
معاشی اُمور کے ماہر خرم حسین نے اُردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ملک ڈالر کا ریٹ مسلسل اوپر جا رہا ہے۔ یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ ڈالر کس حد پر جا کر رکے گا۔ ملک میں بیرون ممالک سے بھیجے جانے والے پیسے (ترسیلاتِ زر) میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔‘
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معاشی امور کے ماہر عبدالعظیم نے بتایا کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان معاملات ابھی طے ہونا ہیں۔ ’اس دوران وزیر اعظم پاکستان کا بیان سامنے آیا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے شرائط سخت رکھی جارہی ہے۔ ایسی صورتحال میں روپے پر دباؤ بڑ رہا ہے۔‘

معاشی ماہرین کے بقول  جمعے کو روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید مستحکم ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

یکم فروری 2023 کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد شمار میں دیکھا جا رہا ہے کہ نہ صرف زرِمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہو رہی ہے بلکہ ترسیلاتِ زر میں بھی کمی ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جنوری 2023 میں سالانہ بنیادوں پر پاکستان کی افراطِ زر کی شرح 27.6 فیصد تک بڑھ گئی، جو چار دہائیوں میں سب سے زیادہ ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری ظفر پراچہ سمجھتے ہیں کہ ملک میں ڈالر کی طلب و رسد کی وجہ سے روپے پر شدید دباؤ دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ ڈالر سے کیپ (حد بندی) ختم ہونے کے بعد ڈالر کے ریٹ میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس وقت مارکیٹ میں ڈالر ریٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ ‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تاریخ میں پہلی بار انٹر بینک مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 274 روپے کی سطح پر ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ ابھی مارکیٹ بند نہیں ہوئی ہے۔‘

شیئر: