Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ اور شام میں زلزلہ: مملکت سمیت عرب ممالک کا اظہارِ افسوس

ترکیہ اور شام میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے پیر کی صبح ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کے بعد دونوں ممالک سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کو 7.8 شدت کا پہلا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے آیا۔ ابتدائی زلزلے کے بعد ایک سو سے زیادہ آفٹر شاکس آئے جبکہ دن کے وقت ہی 7.7 شدت کا ایک جھٹکا بھی آیا جس سے ریسکیو کی کوششوں میں خلل پیدا ہوا۔
ترکیہ اور شام میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 300 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ترکیہ کی امدادی ایجنسی اے ایف اے ڈی نے منگل کو تصدیق کی کہ زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 921 ہو گئی ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب قدرتی آفت سے متاثرہ علاقے میں صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔
بیان کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ترک صدر رجب طیب اردغان سے افسوس کرتے ہوئے مدد کی پیکش کی ہے۔
انہوں نے زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا سے بھی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

ترکیہ کی امدادی ایجنسی اے ایف اے ڈی نے منگل کو تصدیق کی کہ زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 921 ہو گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ترکیہ میں سعودی سفارت خانے نے پیر کو کہا کہ اسے زلزلے سے سعودی شہریوں کے متاثر ہونے کی کوئی رپورٹس موصول نہیں ہوئی ہیں۔
سفارت خانے کا مزید کہنا تھا کہ وہ ترک حکام کے ساتھ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے رابطے میں ہیں کہ متاثرہ علاقے میں کوئی (سعودی) شہری موجود نہ ہو۔
متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان نے شام کے صدر بشار الاسد اور صدر رجب طیب اردغان سے فون کالز پر بات کی۔
انہوں نے دونوں صدور اور دونوں ممالک کے عوام سے افسوس کا اظہار کیا اور مدد کی پیشکش کی۔
امیر کویت نواف ال صباح نے ایک خط میں صدر رجب طیب اردغان اور ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا سے افسوس کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
مصر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ترکیہ اور شام سے افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا اور مدد فراہم کرنے کا یقین دہانی کروائی۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے بھی ترکیہ اور شام سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کے ورثا سے بھی تعزیت کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) نے بھی تباہ کن زلزلے جس میں دونوں ممالک کے سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں، پر ترکیہ اور شام سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے او آئی سی کے رکن ممالک اور متعلقہ اداروں سے امدادی کوششوں میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

شیئر: