Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ: چار دنوں سے ملبے تلے دبی ہوئی ماں کی بیٹی سے ملاقات

ڈوم میبٹ اور ان کی ٹیم نے ملبے کے پہاڑ کے اندر ایک چھوٹے سے خلا سے عورت کو نکالا۔ (فوٹو: لندن فائر بریگیڈ ٹوئٹر)
لندن کے فائر فائٹرز نے ترکیہ میں زلزلے سے تباہ ہونے والی ایک عمارت کے ملبے تلے چار دنوں سے پھنسی ہوئی ایک ماں کو بحفاظت نکال کر اس کی بیٹی سے ملا دیا۔
عرب نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر زِیرگردش ویڈیو میں وہ لمحہ دیکھا جا سکتا ہے جب ایڈمنٹن فائر سٹیشن سے ڈوم میبٹ اور ان کی ٹیم نے ملبے کے پہاڑ کے اندر ایک چھوٹے سے خلا سے عورت کو نکالا اور قریبی گلی میں انتظار کرتی ان کی بیٹی سے ملایا۔
ڈوم میبٹ برطانیہ کی فائر اینڈ ریسکیو سروس کی انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے 77 ارکان میں سے ایک ہیں جسے پیر کے زلزلے کے بعد ترکی روانہ کیا گیا تھا۔
اس ویڈیو کے حوالے سے لندن فائر بریگیڈ نے ٹویٹ کیا کہ ’یہ ناقابل یقین لمحہ ہے کہ ہماری آئی ایس اے آر ٹیم نے ترکی کے زلزلے کے چار دن بعد ایک ماں اور بیٹی کو دوبارہ ملانے میں مدد کی۔‘
اس سے قبل برطانوی امدادی کارکنوں نے ایک خاتون اور ان کے پانچ سالہ بیٹے کو بچانے کے لیے جرمن رضاکاروں کی ایک ٹیم کے ساتھ مل کر کام کیا تھا۔
زلزلے کے مرکز کے قریب کے شہروں میں سے ایک سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ سرپ ٹوپل اور ان کا بیٹا مہمت اپنے گھر کے ملبے تلے تین دن تک پھنسے رہے تھے۔

شیئر: