Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں دھماکے، اسرائیل کا حماس کی راکٹ فیکٹری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملے ’غزہ سے اسرائیل میں راکٹ حملے کے جواب میں کیے گئے۔‘ فوٹو: اے ایف پی
فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں کئی دھماکے سنے گئے ہیں جس کے بعد اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے حماس کے عسکریت پسندوں کی جانب سے راکٹ بنانے کی ایک زیر زمین فیکٹری کو نشانہ بنایا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو ایک عینی شاہد نے بتایا کہ پیر کو علی الصبح فضائی حملے کیے گئے۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق نابلس کے علاقے میں کیے گئے حملے میں ایک شہری کی ہلاکت ہوئی ہے۔
اس علاقے میں گزشتہ برس بھی حملے کیے گئے تھے۔
نابلس میں حملے کے حوالے سے اسرائیلی فوج نے کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم غزہ میں کارروائی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ حماس کی زیرِ زمین فیکٹری کو تباہ کیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق یہ حملے ’غزہ سے اسرائیل میں راکٹ حملے کے جواب میں کیے گئے۔‘
فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کے بعد غزہ سے ملحقہ علاقوں میں فضائی حملوں کے سائرن بجائے گئے۔
فلسطینی تنظیم کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ حملے کا تاحلا کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا۔
حماس کے عسکریت پسندوں نے سنہ  2007 کے الیکشن میں فتح حاصل کر کے غزہ پر کنٹرول حاصل کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ وہاں سے اسرائیل کے خلاف کئی کارروائیاں کر چکے ہیں۔
اسرائیل عموما غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کرتا رہتا ہے اور اس کے لیے حماس کے عسکریت پسندوں کی کارروائیوں کو جواز بناتا ہے۔

شیئر: