سعودی عرب میں آج کا موسم کیسا رہے گا؟
’آئندہ 24 گھنٹوں میں متعدد شہروں میں درمیانے درجے کی بارش کی توقع ہے‘ (فوٹو: سبق)
مدینہ منورہ سمیت متعدد شہروں میں آج مطلع غبار آلود ہے جبکہ شمالی علاقوں میں ہلکی بارش کی توقع کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ میں گرد وغبار کی کیفیت شام 7 بجے تک رہے گی۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ الحناکیہ اور قرب وجوار کے علاقوں میں حد نگاہ متاثر ہو گی۔‘
’گرد وغبار کے اثرات الرایس اور ینبع تک محسوس کیے جائیں گے جبکہ تیز ہوا کے باعث سمندر میں اونچی موجیں اٹھیں گی۔‘
’گرد آلود مطلع سے مکہ مکرمہ، جدہ ، تربہ اور رنیہ بھی متاثر ہوں گے جہاں جزوی طور پر حد نگاہ متاثر ہو گی۔‘
شمالی علاقوں کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’شمالی علاقوں میں دن کے وقت موسم اعتدال پر مائل ہو گا جبکہ رات کے وقت سردی ہو گی۔‘
’سردی کی اس لہر سے مدینہ منورہ سے قصیم تک کا علاقہ متاثر ہو گا جبکہ ساحلی علاقے بھی رات کے وقت سردی مائل ہوں گے۔‘
دوسری طرف ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’آئندہ 24 گھنٹوں میں شمالی، وسطی اور شمالی علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’اس بات کا بھی امکان ہے کہ بارش کا سلسلہ مدینہ منورہ تک پھیل جائے۔‘
انہوں نے بتایا ہے کہ ’مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہو گی۔‘