منیبہ علی ٹی20 ورلڈ کپ میں سینچری بنانے والی پہلی پاکستانی بیٹر
منیبہ علی ٹی20 ورلڈ کپ میں سینچری بنانے والی پہلی پاکستانی بیٹر
جمعرات 16 فروری 2023 6:38
منیبہ علی اور ندا ڈار نے 101 رنز کی شراکت داری قائم کی (فوٹو: اے ایف پی)
خاتون کرکٹر منیبہ علی ٹی20 ورلڈ کپ میں سینچری بنانے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔
جنوبی افریقہ میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی منیبہ علی نے آئرلینڈ کے خلاف 102 رنز بنائے جن کی بدولت پاکستان 70 رنز سے میچ جیتنے میں کامیاب ہوا۔
میچ کے بعد گفتگو میں منیبہ علی کا کہنا تھا کہ ’میرے کے ساتھ بیٹنگ کرنے والی سینیئر کھلاڑی ندا ڈار مسلسل میری حوصلہ افزائی کرتی رہیں اور کہتی رہیں کہ بڑا سکور کریں اور آپ ایسا کر سکتی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی کی بدولت ہی وہ اس سنگ میل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
منیبہ علی اور ندا ڈار نے 101 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
منیبہ علی نے 68 گیندوں کا سامنا کیا اور 14 چوکے بھی لگائے۔
منیبہ علی 45 کے رنز پر اس وقت آؤٹ ہوتے ہوتے بچیں جب لی پولا کی گیند کو کھیلتے ہوئے بال ہوا میں بلند ہو گئی تاہم ڈیپ مڈ وکٹ پر ان کا کیچ چھوٹ گیا جس کے بعد ان کو روکنا مشکل ہو گیا۔
کچھ دیر بعد ندا ڈار 28 گیندوں پر 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
کیپ ٹاؤن میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے تھے۔
اس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 95 رنز پر آؤٹ ہو گئی جس میں بائیں ہاتھ سے بال کرنے والی سپنر نشرا سندھو نے اہم کردار ادا کیا اور 18 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ کو جیتنے کے بعد پاکستان کے رن ریٹ میں بہت بہتری آئی ہے اور اتوار کو انڈیا سے ہارنے کے بعد بھی اس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل منیبہ نے اپنے 44 ٹی20 میچوں نے ایک نصف سینچری بھی نہیں بنائی تھی تاہم وہ ون ڈے میچ میں آئرلینڈ کے ہی خلاف لاہور میں ایک سینچری بنا چکی ہیں۔پاکستان کا اگلا میچ اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہو گا۔ اس وقت انگلینڈ اور انڈیا کی ٹیمیں دو، دو میچ جیتنے کے بعد سب سے آگے ہیں۔