پاکستان میں ہُنڈا موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
جمعرات 16 فروری 2023 9:29
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ہُنڈا سی ڈی 70 کی قیمت میں 9 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ (فائل فوٹو: ایٹلس ہُنڈا)
پاکستان میں ایٹلس ہُنڈا نے ایک بار پر موٹرسائیکلوں کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔
گاڑیوں کی معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ’پاک وہیلز‘ کے مطابق ہُنڈا کی سی ڈی 70 کی قیمت میں نو ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت ایک لاکھ 37 ہزار 900 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح ہُنڈا کی سی ڈی 70 ’ڈریم‘ کی قیمت میں نو ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت ایک لاکھ 47 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔
ہُنڈا ’پرائڈر‘ کی قیمت میں 10 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور اس کی نئی قیمت ایک لاکھ 81 ہزار 500 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ ہُنڈا کی سی جی 125 کی قیمت میں 11 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت دو لاکھ پانچ ہزار 900 روپے ہو گئی ہے۔
ایٹلس ہُنڈا کی 125 کے سپیشل ایڈیشن کی قیمت میں بھی 13 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت دو لاکھ 43 ہزار 900 روپے ہو گئی ہے۔
ہُنڈا 150 کی قیمت 35 ہزار روپے بڑھ گئی ہے اور اس کی نئی قیمت چار لاکھ 18 ہزار 900 روپے پر پہنچ گئی ہے جبکہ 150 کے سپیشل ایڈیشن کی نئی قیمت بھی 35 ہزار روپے کے اضافے کے بعد چار لاکھ 22 ہزار 900 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
خیال رہے گذشتہ رات پاکستان کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بھی اضافے کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 272 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
بدھ کی رات کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پیٹرل کی قیمت میں 22 روپے 20 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 20 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 280 روہے ہو گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں نو روپے 68 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 196 روپے 68 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 12 روپے 90 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 202 روپے 73 پیسے ہوگئی ہے۔