ٹرکوں کے خفیہ خانوں میں منشیات سمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام
ٹرکوں کے خفیہ خانوں میں منشیات سمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام
جمعہ 17 فروری 2023 18:08
’27 کلو گرام نشہ آور پاؤڈر اور17 ہزار ممنوعہ گولیاں سمگل کی جارہی تھیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے البطحا بری سرحدی چیک پوسٹ کے راستے منشیات کی سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنائی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ’27 کلو گرام سے زیادہ نشہ آور پاؤڈر اور17 ہزار ممنوعہ گولیاں دو ٹرکوں کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپا کر سعودی عرب سمگل کی جارہی تھیں‘۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ’ چیک پوسٹ حکام نے البطحا چیک پوسٹ پر سیکیورٹی ٹیکنالوجی اور سراغرساں کتوں کے ذریعے تلاشی لی۔ پتہ چلا کہ ٹرک میں نصب آگ بجھانے والے سیلنڈر میں نشہ آور پاؤڈر موجود تھا جبکہ دوسرے ٹرک میں 17 ہزار ممنوعہ گولیاں ٹرک کے مختلف خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھیں‘۔
نشہ آور اشیا وصول کرنے والوں کوحراست میں لیا گیا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)
بیان میں کہا گیا کہ’ نشہ آور اشیا وصول کرنے کے لیے مقررہ مقام پر پہنچنے والوں کوحراست میں لیا گیا ہے‘۔
اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب اور اس کے نوجوانوں کو تباہ کرنے کے لیے نشہ آوراشیا کی سمگلنگ کی کوششیں بڑے پیمانے پر کی جارہی ہیں‘۔
اتھارٹی کے اہلکار کسٹم افسران اور دیگر اداروں کے تعاون سے ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری مستعدی سے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔