Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج وعودہ میں توسیع، بیرون ملک موجود اہل خانہ پر نئی فیس کا اطلاق ہوگا؟

قوانین میں تبدیلی کے حوالے سے جوازات کے پلیٹ فارم سے مصدقہ خبرحاصل کی جائے(فوٹو روئٹرز)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق  مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دار ہے۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ لینا ہوتا ہے۔
  ڈی پورٹ کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’سال 2013 میں ترحیل کے ذریعے ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔ کفیل نے مجھ سمیت 30 افراد کا ہروب فائل کردیا تھا جس کے باعث ڈی پورٹ کیا گیا۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا اب دوبارہ سعودی عرب جاسکتا ہوں؟‘۔ 
ڈی پورٹ ہونے والوں کے حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ جن افراد کو کسی بھی سبب سے ڈی پورٹ کیا گیا ہو انہیں نئے قانون کے تحت مملکت میں ہمیشہ کےلیے بلیک لسٹ کردیاجاتاہے۔ 
ایسے افراد جنہیں مملکت میں بلیک لسٹ کیاجاتا ہے وہ تاحیات کسی ویزے پرسعودی عرب نہیں آسکتے۔ بلیک لسٹ ہونے والے افراد کا ڈیٹا جوازات کے مرکزی کمپیوٹرمیں فیڈ کردیاجاتا ہے۔ 
واضح رہے گزشتہ برس میں سعودی امیگریشن کے قوانین میں کافی تبدیلیاں کی جاچکی ہیں جن پرعمل درآمد جاری ہے۔ اس حوالے سے اہم تبدیلی ڈی پورٹ ہونے والوں کے بارے میں کی گئی تھی۔ 
 تبدیلی کے مطابق ایسے افراد جنہیں شعبہ ترحیل (ڈیپوٹیشن سینٹر) کے ذریعے ملک بدر کیاجاتا ہے۔ ان پرہمیشہ کے لیے پابندی عائد کردی جاتی ہے۔ 
ڈی پورٹیشن کے حوالے سے ماضی میں بلیک لسٹ کیے جانے کی مدت محدود ہوا کرتی تھی جس کے مطابق ایسے افراد جنہیں ڈی پورٹ کیاجاتا تھا انہیں ممنوعہ مدت کے بارے میں مطلع کردیاجاتا تھا۔ 

ماضی میں ڈی پورٹ ہونے والوں پر 3 سے 10 برس کےلیے پابندی عائد کی جاتی تھی( فوٹو: سبق)

ماضی میں عام طورپرڈی پورٹ ہونے والوں پر 3 سے 10 برس کےلیے پابندی عائد کی جاتی تھی۔
جوازات کے ٹوئٹرپرخروج وعودہ کی فیس کے حوالے سے دریافت کیا گیا ’ مملکت سے باہر گئے ہوئے مقیم غیرملکیوں کے اہل خانہ کے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کےلیے فیس ڈبل کردی گئی ہے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ قوانین میں تبدیلی کے لیے جوازات کے پلیٹ فارم سے مصدقہ خبرحاصل کی جائے۔ اس حوالے سے اگرضوابط مقرر کیے جائیں گے تو باقاعدہ طورپرجوازات کے ٹوئٹریا دیگرسوشل میڈیا اکاونٹ پرمطلع کردیاجائے گا‘۔ 
واضح رہے گزشتہ ماہ مملکت سے باہر گئے ہوئے تارکین کے خروج وعودہ کی مدت میں اضافہ کی فیس ڈبل کی گئی ہے۔ اس حوالے سے لوگوں کا کہنا تھا کہ کیا ڈبل ہونے والی فیس کا اطلاق تارکین کے اہل خانہ پربھی ہوگا جو مملکت سے باہرگئے ہوئے ہیں۔ اس بارے میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی قسم کی تبدیلی پرجوازات کے سرکاری پلیٹ فارم کے ذریعے اس کی اطلاع فراہم کی جائے گی‘۔

شیئر: