Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان میں مساجد کی بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی

پانی و بجلی چوری کے کیسزمتعلقہ اداروں کو بھجوا دیے گئے ہیں (فائل فوٹو: سبق)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے جازان میں 51 مساجد کی بجلی چوری کرنے والے مکانات، پولی کلینکس، پٹرول سٹیشنوں اور زرعی فارموں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت اسلامی امور کے متعلقہ ادارے نے اتوار کو بیان میں کہا کہ’ جازان میں پانی و بجلی کمپنیوں کے سپلائرز کے تعاون سے  کارروائی کی گئی۔ پانی و بجلی چوری کے کیسزمتعلقہ اداروں کو بھجوا دیے گئے ہیں‘۔ 
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ ’مساجد میں بجلی کے بل ماہانہ ہزاروں ریال آرہے تھے۔ تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ مساجد کے قریب واقع مکانات، پولی کلینکس، پٹرول سٹیشن، زرعی فارموں میں ٹیوب ویلوں سے پانی نکالنے والے ادارے اور غیرملکیوں کے رہائشی مراکز مساجد کی بجلی چوری کررہے تھے‘۔
وزارت نے کہا کہ’ مساجد کےقریب مکانات اورغیر ملکی کارکنان کے رہائشی مراکز مساجد کا پانی استعمال کررہے تھے جس سے بار بار مساجد کا پانی ختم ہوجاتا تھا‘۔ 
وزارت اسلامی امورنے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ وہ مساجد کے پانی و بجلی نظام  کو نقصان پہنچانے والوں کے بارے میں رپورٹ کریں۔ تحریری طور پر بھی مطلع کیاجا سکتا ہے۔

شیئر: