Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ڈی ایم کا ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق ’پی ڈی ایم نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے‘ (فائل فوٹو: پی آٗئی ڈی)
پاکستان کی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔
 منگل کے روز ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ ’فسادی جماعت ضمنی الیکشن لڑے اور اسمبلی میں آجائے۔‘
’فسادی جماعت استعفوں کی منظوری اور کبھی استعفے منظور نہ کرنے کے لیے عدالتوں میں جاتی ہے۔ الیکشن لڑنا تھا، ایوان میں ہی آنا تھا تو اسمبلیاں کیوں توڑیں؟ استعفے کیوں دیے؟‘ 
انہوں نے کہا کہ ’فسادی جماعت چکرا چکی ہے کہ کیا کرے، عدالت جائے، اسمبلی جائے یا الیکشن میں جائے، ملک کو کسی ایک شخص کے انتشار کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔‘
دوسری جانب حکومت کی اتحادی عوامی نیشنل پارٹی نے بھی ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ فیصلہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کی درخواست پر کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ملک کی خراب معاشی صورت حال کے باوجود صرف تین ماہ کے لیے الیکشنز پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔‘
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ 16 مارچ اور 19 مارچ مقرر کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی مزید 31 نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جمعہ تین فروری کو جاری کیا تھا۔

شیئر: