Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کنگز کی شکست پر تبصرے:’خود کو کرکٹر کہنے پر حیدر علی کے خلاف تحقیقات‘

حیدر علی پی ایس ایل 2023 میں مجموعی طور پر 101 رنز بناچکے ہیں۔ (فوٹو: یوٹیوب سکرین شاٹ)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں میچ میں بدھ کی رات کو ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو تین رنز سے شکست دی تھی اور کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی یہ میچ سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بنا ہوا ہے۔
گذشتہ رات کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 196 رنز بنائے تھے جس میں کپتان محمد رضوان کے ناقابل شکست 110 رنز بھی شامل تھے۔
کراچی کنگز کی جانب سے انگلینڈ کے کھلاڑی جمیز ونس نے صرف 34 گیندوں پر 75 رنز بنائے اور پھر رن آؤٹ ہوگئے۔ کراچی کنگز کے فینز کی جانب سے جیمز ونس کا آؤٹ ہونا میچ کا ’ٹرننگ مومنٹ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
جیمز ونس 75 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے جب کراچی کنگز کے بیٹر حیدر علی نے انہیں رن کے لیے آدھی وکٹ پر بُلا کر واپس جانے کو کہا جس کے نتیجے میں جمیز ونس رن آؤٹ ہوگئے۔ آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کے جارحانہ بیٹر نے حیدر علی پر اپنے غصے کا اظہار بھی کیا۔
صرف جیمز ونس نہیں بلکہ کراچی کنگز کے فینز بھی گذشتہ رات کی شکست کے بعد حیدر علی سے ناراض نظر آ رہے ہیں۔
ابو بکر تارڑ نامی صارف نے لکھا کہ ’لگتا ہے کہ حیدر علی پی ایس ایل کے اس سیزن کا اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں۔‘
کرکٹ فینز کی جانب سے پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی جا ر ہی ہے جس میں وہ حیدر علی سے کہہ رہے ہیں کہ ’یار ان پچز پر نہیں مارو گے تو پھر کدھر مارو گے؟‘
انس ٹیپو نے ایک طنزیہ ٹویٹ میں لکھا کہ ’خود کو کرکٹر کہنے پر آئی سی سی نے حیدر علی کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔‘
دوسری جانب حیدر علی کے فینز ان پر ہونے والی تنقید پر ناراض نظرآ رہے ہیں۔ سعد چاندنا نے لکھا کہ ’حیدر علی جلد ہی اپنے ناقدین کو اپنے بلے سے منہ توڑ جواب دیں گے۔‘
فرید خان نے ایک تویٹ میں لکھا کہ ’حیدر علی پر بہت تنقید ہو رہی ہے لیکن حیدر علی سے زیادہ اپ سیٹ کوئی اور نہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’امید ہے شعیب ملک اور عماد وسیم جیسے کچھ سینیئر کھلاڑی ان کے ساتھ بیٹھیں گے اور حیدر علی سے بات کریں گے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ وہ بہت ٹیلنٹڈ ہیں۔‘
حیدر علی پی ایس ایل 2023 میں پانچ میچ کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 101 رنز بنائے ہیں اور اس سال اب تک ان کا سب سے بڑا انفرادی سکور 59 رنز ہے۔

شیئر: