ریاض ایئر پورٹ پر اب مسافروں کی شناخت بورڈنگ پاس کے بغیر
ریاض ایئر پورٹ پر ڈیجیٹل پاتھ ٹرائل کا آغاز کیا گیا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
مطارات الریاض کمپنی نے کہا ہے کہ ’ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر امیگریشن کی کارروائی میں مسافروں کی شناخت بورڈنگ پاس کی ضرورت کے بغیر ڈیجیٹل فیس پرنٹ ذریعے کی جائے گی‘۔
ریاض ایئر پورٹ پر ڈیجیٹل پاتھ ٹرائل کا آغاز کیا گیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مطارات کمپنی کا کہنا ہے کہ’ یہ پروگرام انٹرنیشنل کمپنی SITA کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ریاض ایئر پورٹ کو سمارٹ ایئرپورٹ میں تبدیل کیا جائے گا‘۔
’سمارٹ پاتھ موثر بائیو میٹرک اندراج کو ممکن بناتا ہے۔ مسافر فیس پوڈ کیمرے کی طرف دیکھیں گے تو ان کا بورڈنگ پاس بن جائے گا‘۔
نیا سسٹم بورڈنگ کے وقت میں کم از کم 20 فیصد کمی کرے گا۔ زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی کے ساتھ امیگریشن کے عمل کو تیزکرنے میں مدد ملے گی۔
قبل ازیں مطارات ریاض کمپنی نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نیشنل ٹرمینل فائیو پر ’سمارٹ شاپنگ ٹرالی سروس‘ متعارف کرائی تھی۔
سمارٹ شاپنگ ٹرالی میں نصب سکرین کے ذریعے مسافر اپنے بورڈنگ پاس کو سکین کر کے پرواز کا ڈیٹا دیکھ سکتے ہیں۔ پرواز کا نمبر انٹر کر کے بھی اس حوالے سے تمام تفصیلات معلوم کی جا سکتی ہیں۔
علاوہ ازیں گیٹ نمبر اور طیارے پر جانے کے حوالے سے باقی ماندہ وقت کے بارے میں بھی فوری معلومات مل سکتی ہیں۔
سمارٹ شاپنگ ٹرالی سب سے پہلے تجرباتی طور پر پچھلے سال سان ڈیاگو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متعارف کرائی گئی تھی۔