Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چپل پہنی ہوئی تھی،‘ جب شاہ رخ منوج باجپائی کو نائٹ کلب لے گئے

منوج باجپائی 1998 میں فلم ’ستیا‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے تھے۔ (فوٹو: یوٹیوب سکرین شاٹ)
انڈین اداکار منوج باجپائی کا کہنا ہے کہ وہ پہلی بار نائٹ کلب شاہ رخ خان کے ساتھ گئے تھے جہاں داخل ہو کر انہیں لگا کہ وہ ’دنیا کے سب سے غریب آدمی‘ ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک انٹرویو میں منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ ’یہ بہت پرانی بات ہے۔ گھنگرو نامی نائٹ کلب نئی دہلی میں واقع ہے اور میں نے اس وقت صرف چپل پہنی ہوئی تھی پھر کسی طرح میرے لیے جوتوں کا انتطام کیا گیا۔‘
منوج باجپائی کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ پہلی بار تھا جب میں نے ایسی زندگی دیکھی اور پتا چلا کہ نائٹ کلب ہوتا کیا ہے۔
خیال رہے منوج باجپائی کا تعلق انڈین ریاست بہار کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ہے اور وہ شہرت کی بلندیوں پر 1998 میں اس وقت پہنچے جب انہوں نے رام گوپال ورما کی فلم ’ستیا‘ میں کام کیا۔ کامیابی حاصل کرنے سے پہلے وہ ایک لمبے عرصے تک دہلی میں رہتے رہے جہاں ان کا کالج تھا اور وہ تھیٹر میں اداکاری بھی کیا کرتے تھے۔
منوج باجپائی آخری بار فلم ’سائلنس، کین یو ہیئر اٹ‘ اور ’ڈائل 100‘ میں نظر آئے تھے اور اس کے علاوہ وہ ایمازون پرائم کی مشہور سیریز ’دا فیملی مین‘ میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں۔
منوج باجپائی کی نئی فلم ’گُل موہر‘ تین مارچ کو ڈزنی سٹار پر ریلیز ہوگی جس میں ان کے علاوہ سرمیلا ٹیگور، سورج شرما، امول پالیکر اور کویری سیٹھ بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

شیئر: