Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹار تو امیتابھ بچن، شاہ رخ اور سلمان خان ہیں: منوج باجپائی

بالی وُڈ کے اداکار منوج باجپائی کا ماننا ہے کہ سٹار تو امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور سلمان خان ہی ہیں جبکہ وہ صرف اداکار ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق منوج باجپائی نے سٹارڈم کے بارے میں بات کرتے ہوئے امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور سلمان خان اس کی مثالیں دیں۔
آر جے سدھارتھ کنن سے بات کرتے ہوئے منوج باجپائی کہتے ہیں کہ ’سٹار پتا ہے کیا ہوتا ہے؟ سٹار ہوتا ہے بچن صاحب کے بنگلے کے سامنے سے کبھی کبھی گزرتا ہوں، راستہ جام ہوتا ہے۔ 80 سال کی عمر میں بھی ہر اتوار کو بڑی تعداد میں لوگ انہیں دیکھنے کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔‘
اداکاروں کے سٹارڈم یعنی غیر معمولی شہرت کے بارے میں انہوں نے مزید کہا کہ ’سلمان خان کو لاٹھی چارج کرنا پڑ جاتا ہے۔ صرف اپنی بالکنی پر آ کر ہاتھ ہلاتا ہے آدمی۔ شاہ رخ خان آتا ہے اور بالکنی پر کھڑا ہو جاتا ہے۔‘
منوج باجپائی مزید کہتے ہیں کہ ’ہم لوگ کیا ہیں؟ لوگ ہماری طرف عزت سے آنکھ اٹھا کر دیکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ بہت اچھا کام کرتے ہیں آپ۔ ہم آپ کی بہت فلمیں دیکھتے ہیں۔ لیکن جیسے ہی سلمان شاہ رخ نظر آتے ہیں تو لوگ چیخیں مارنے لگ جاتے ہیں۔‘
ہندی فلم انڈسٹری کے شہنشاہ امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جَلسا‘ پر ہر اتوار کے روز سینکڑوں مداحوں کا رش لگ جاتا ہے اور وہ اپنے پسندیدہ سپر سٹار کی ایک جھلک کو دیکھنے کے لیے سارا دن انتظار کرتے رہتے ہیں۔
اسی طرح شاہ رخ خان اور سلمان خان کے گھروں باہر بھی ان کی سال گرہ یا کسی تہوار کے روز بڑی تعداد میں مداح اُمڈ آتے ہیں۔
دوسری جانب منوج باجپائی حالیہ دنوں میں اپنی نئی فلم ’گل مہر‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔
فیملی ڈرامہ نوعیت کی اِس فلم میں منوج باجپائی کے ساتھ ایواڈ یافتہ اداکارہ شرمیلا ٹیگور، سورج شرما اور ثمرن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
گل مہر‘ رواں برس تین مارچ کو انٹرنیٹ سٹریمنگ سروس ڈزنی ہاٹ سٹار پر ریلیز کی جائے گی۔
 

شیئر: