Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دی ڈرٹی پکچر‘ اور ’کہانی‘ کے ڈائریکٹرز نے فلموں کے مرکزی خیال کے برعکس سمجھوتہ کیا: شرمیلا ٹیگور

رمیلا ٹیگور 13 برس کے طویل عرصے کے بعد فلم ’گل مہر‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں (فائل فوٹو: )
بالی وُڈ کی سینیئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے فلم ’دی ڈرٹی پکچر‘ اور ’کہانی‘ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی کے موضوع پر بننے والی فلموں پر ہدایت کاروں نے سمجھوتا کیا ہے۔
 ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکارہ نے ہندی سنیما میں خواتین کی ترقی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے ’دی ڈرٹی پکچر‘ اور ’کہانی‘ کی مثالیں دیں۔ ان دونوں فلموں میں وِدیا بالن نے لیڈ رول ادا کیا تھا۔
ان فلموں کے بارے میں شرمیلا ٹیگور کا ماننا ہے کہ یہ دونوں فلمیں اچھی طرح بنائی گئی تھیں اور ان کے پیچھے بنانے کی نیت بھی اچھی تھی تاہم فلموں کی کہانیوں کے برعکس فلم میکرز کو کچھ ایسے سمجھوتے کرنا پڑے جس سے ان کے مرکزی خیال پر فرق پڑا۔
انہوں نے ’دی ڈرٹی پکچر‘ کے بارے میں کہا کہ ’فلم میں ڈائریکٹر (عمران ہاشمی) فلم بنانے کے بعد اپنا اعتبار کھو دیتا ہے اور ودیا بالن (ریشما) خودکشی کر لیتی ہے، اس میں وہ متاثر ہوئی؟ ٹھیک بات ہے؟‘

ہندی سنیما میں خواتین کی ترقی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے شرمیلا ٹیگور نے فلم ’دی ڈرٹی پکچر‘ اور ’کہانی‘ کی مثالیں دیں (فائل فوٹو: سکرین گریب)

اس کے بعد انہوں نے کہانی کی بارے میں کہا کہ ’ودیا کے کردار کو ماں کی طرح دکھانا چاہیے تھا۔ کہانی میں ودیا بالن کو اپنے مینٹور کے پاس جا کر کہنا چاہیے تھا کہ مجھے تب ہی حقیقت محسوس ہوئی جب میں حاملہ تھی کیونکہ یہ اس کا والدہ کا کردار تھا اور خواتین سے ایسی ہی چیز کی امید کی جاتی ہے۔ انہوں نے ایک آدمی کو جان سے مار دیا، ایسا خواتین نہیں کرتیں۔‘
78 سالہ اداکارہ کہتی ہیں کہ ’اور جب دُرگا کی مورتی ڈوب رہی تھی تو فلم وہاں ختم ہو سکتی تھی لیکن پھر امیتابھ بچن جب اپنی خوب صورت آواز میں کچھ سمجھاتے ہیں کہ زمین پر کوئی آئے گا وغیرہ وغیرہ تاکہ برائی اور اچھائی کا پیمانہ برابر کیا جائے۔‘
’اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ڈائریکٹر کو عوام پر بھروسہ نہیں ہے۔‘
دوسری جانب شرمیلا ٹیگور 13 برس کے طویل عرصے کے بعد فلم ’گل مہر‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں۔
فیملی ڈرامہ کی نوعیت کی اِس فلم میں ایوراڈ یافتہ اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے علاوہ منوج باجپائی، سورج شرما اور ثمرن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
’گل مہر‘ رواں برس تین مارچ کو انٹرنیٹ سٹریمنگ سروس ڈزنی ہاٹ سٹار پر ریلیز کی جائے گی۔

شیئر: