سیکیورٹی اہلکار کے قتل کیس میں سعودی شہری کی سزائے موت پر عملدرآمد
ایوان شاہی سے عدالتی حکم کی توثیق کے بعد جدہ میں عملدرآمد کیا گیا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ’ فتنہ وفساد پھیلانے اورقانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکارکو قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے پرسعودی شہری محمد بن عبدالرزاق بن سعد فیضی کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیاگیا‘۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’سعودی شہری محمد بن عبدالرزاق نے قانون نافذ کرنے والے اہلکارکواس وقت فائرنگ کرکے ہلاک کیا تھا جب وہ سرکاری ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ پولیس موبائل پربھی فائرنگ کی‘۔
’سعودی شہری پر پیٹرولیم منصوعات میں آگ لگانے اوراسے دھماکے سے اڑانے کا بھی الزام تھا۔ اس نے مملکت میں امن عامہ کوخراب کرنے کےلیے اسلحے کے استعمال کی تربیت حاصل کی تھی‘۔
تمام جرائم ثابت ہونے پرعدالت نے سزائے موت کا حکم صادر کیا تھا جسے اپیل کورٹ نے بھی بحال رکھا بعدازاں ایوان شاہی سے عدالتی حکم کی توثیق کے بعد سنیچرکوجدہ میں سزائے موت پرعمل درآمد کردیاگیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’حکومت مملکت میں امن عامہ کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کو برداشت نہیں کرتی‘۔