Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے ہرا دیا

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے 24 ویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔  سلطانز نے جیت کے لیے اسلام آباد کو 206 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 206 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 17 رنز پر گر گئی۔ ایلکس ہیلز صرف ایک رن بنا کر انور علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
رحمان اللہ گرباز نے 14 گیندوں پر 25 رنز بنائے جس کے بعد وہ بھی انور علی کا شکار بنے۔ کولن منرو نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر 40 بنائے مگر وہ اسامہ میر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
اعظم خان صرف تین رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان شاداب خان نے 25 گیندوں پر 44 رنز بنائے جس کے بعد وہ احسان اللہ کی بال پر بولڈ ہوگئے۔
آصف علی آٹھ رنز بنانے کے بعد عباس آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ مبشر خان بھی صرف پانچ رنز ہی بنا سکے اور احسان اللہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد محمد وسیم 16 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
ملتان سلطانز کے بولرز انور علی نے تین، اسامہ میر اور احسان اللہ نے دو، دو، جبکہ عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 57 رنز پر گری۔ کپتان محمد رضوان 18 گیندوں پر 33 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کے شان مسعود نے 12 چوکوں کی مدد سے 50  گیندوں پر 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)

ان کے بعد رائیلی روسو نے 15 گیندوں پر 15 رنز بنائے مگر وہ بھی شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
شان مسعود نے 12 چوکوں کی مدد سے 50  گیندوں پر 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ٹم ڈیوڈ نے اپنی اننگز میں پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 60 رنز بنائے۔ وہ محمد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ڈیوڈ ملر خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 11 بنانے کے بعد محمد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اسلام آباد کے محمد وسیم اور شاداب خان نے دو، دو، جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

شیئر: