Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے 800 ملین ڈالرکا قرضہ

سعودی عرب، یمن میں تعمیر و ترقی کا ایک بڑا پروگرام چلا رہا ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی عرب نے افریقہ اور ایشیا سمیت دنیا کے کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے 800 ملین ڈالر کے نئے قرضے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی فیصل بن فصل الابراہیم نے بدھ کو دوحہ میں اقوام متحدہ کےتحت پانچویں عالمی کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’گزشتہ 50 برس کے دوران سماجی و ترقیاتی پیش رفت کے باوجود کم ترقی یافتہ ممالک کو درپیش بنیادی چیلنج پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور حل طلب ہیں۔‘
’کم ترقی یافتہ ممالک کورونا وبا جیسے عالمی بحرانوں کے تناظر میں اور بھی کمزور ہوگئے ہیں۔ نئی صورتحال نے کم ترقی یافتہ ملکوں کو پائیدار ترقی کا سفر جاری رکھنے سے روک دیا ہے۔‘
سعودی وزیر نے کہا کہ ’سعودی عرب جہاں وژن 2030 کے تناظر میں اقتصادی خوشحالی، سماجی کشادگی اور ماحولیات کے موثر منصوبے نافذ کر رہا ہے۔ وہیں کم ترقی یافتہ ملکوں کی مدد بھی اپنے طور پر کر رہا ہے۔عالمی برادری کے مشن میں بھی شامل ہو کر یہ کام کیا جا رہا ہے۔‘
سعودی عرب نے تین عشروں کے دوران167 ملکوں کو 96 ارب ڈالر سے زیادہ انسانی اور ترقیاتی مدد دی ہے۔ سعودی ترقیاتی فنڈ کی سرگرمیوں کا اصل محور افریقہ اور ایشیا کے ممالک ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’سعودی ترقیاتی فنڈ نے 1975 سے 2022 کے آخر تک کم ترقی یافتہ 35 ملکوں کو 308 منصوبوں کی فنڈنگ کے لیے 330 قرضے دیے ہیں۔‘
 سعودی ترقیاتی فنڈ نے قدرتی آفات سے دوچار 90 ممالک کو 6.2 ارب ڈالر اضافی امداد دی جس سے دو ہزار 314 منصوبے نافذ کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب، یمن میں تعمیر و ترقی کا ایک بڑا پروگرام چلا رہا ہے۔  یمن کے سات اہم شعبوں میں 917 ملین ڈالر مالیت کے224 منصوبے نافذ کیے جا چکے ہیں۔‘

شیئر: