Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا ستیش کوشک کی موت کے پیچھے فارم ہاؤس کے مالک کا ہاتھ ہے؟

سانوی مالو کے مطابق ستیش کوشک اور وکاس بالو کے درمیان مالی تنازع چل رہا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وُڈ کے ہدایت کار اور اداکار ستیش کوشک کی موت کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ستیش کوشک کی موت کے بعد فارم ہاؤس کے مالک وکاس بالو کی دوسری اہلیہ نے اپنے شوہر کو اداکار کی موت میں ملوث ٹھرایا ہے۔
نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق فارم ہاؤس کے مالک وکاس بالو کی دوسری اہلیہ نے اپنے شوہر پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ستیش کوشک کی موت میں کردار ہے۔
انہوں نے اس معاملے میں پولیس میں بھی درخواست دائر کروائی ہے جس کے بعد دہلی پولیس نے معاملے کی تفتیش کرنا شروع کر دی ہے۔
دہلی پولیس نے ایے این آئی کو بیان دیا ہے کہ ’اداکار ستیش کوشک کی موت کے بارے میں ایک خاتون کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ انسپکٹر کے عہدے کا افسر اس کیس کو دیکھے گا جبکہ خاتون کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے پولیس سٹیشن بلایا جائے گا۔‘
وکاس بالو کی اہلیہ سانوی مالو نے اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ستیش صاحب کی موت کے سلسلے میں درخواست دائر کی ہے۔ وہ میرے شوہر کے فارم ہاؤس پر پارٹی کرنے آئے تھے جہاں ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔ فارم ہاؤس سے کچھ قابل اعتراض ادویات بھی برآمد کی گئی ہیں۔‘

ستیش کوشک کی موت 9 مارچ کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ستیش کوشک اور وکاس بالو کے درمیان کاروباری رابطے تھے اور دونوں میں مالی تنازع چل رہا تھا۔
’ستیش صاحب اور میرے شوہر کا کاروباری تعلق تھا۔ گزشتہ برس اگست میں ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد ستیش صاحب نے ان سے 15 کروڑ روپے واپس مانگے جو انہوں نے میرے شوہر کو پہلے دیے ہوئے تھے، لیکن میرے شوہر نے کہا کہ وہ انڈیا میں پیسے دیں گے۔‘
سانوی مالو کا مزید کہنا تھا کہ ’جب میں نے پیسوں کا پوچھا تو میرے شوہر نے کہا کہ انہوں نے ستیش کوشک سے ادھار لیا تھا لیکن کورونا وبا کے دوران وہ پیسے ڈوب گئے۔ میرے شوہر پیسے واپس دینے کے موڈ میں نہیں تھے۔ اسی وجہ سے میں نے یہ معاملہ پولیس تک پہنچایا ہے تاکہ وہ تفتیش کر سکیں۔‘
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ان کے شوہر کے داؤد ابراہیم سمیت دیگر انڈر ورلڈ کے لوگوں سے بھی تعلقات ہیں اور وکاس نے انہیں بتایا کہ ’انس نامی لڑکا جو ہمارے گھر باقاعدگی سے آتا ہے وہ داؤد ابراہیم کا بیٹا ہے۔‘
ستیش کوشک کی موت 9 مارچ کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی تھی۔

سانوی مالو نے یہ بھی الزام لگایا کہ ان کے شوہر کے ’داؤد ابراہیم سمیت دیگر انڈر ورلڈ کے لوگوں‘ سے بھی تعلقات ہیں۔ (فوٹو: سکرین گریب)

انہوں نے ہولی کے دن اپنے دوستوں کے ساتھ ہولی کھیلی اور ڈانس کیا اور پھر 9:30 بجے سونے چلے گئے جس کے بعد رات 12 بجے کے قریب ان کی طبیعت خراب ہونے لگ گئی۔ انہیں سانس لینے میں دشواری ہوئی تو انہوں ںے اپنی مینیجر کو بلایا جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔
دہلی پولیس کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اداکار کی موت طبعی تھی اور دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ستیش کوشک بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض تھے۔

شیئر: