ماہ رمضان عمرہ زائرین کی سہولت کےلیے متعدد انتظامات کیے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے مسجد الحرام کے 8 دروازے مخصوص افراد کے مقرر کردیئے گئے۔ مقرر کیے گئے دروازوں سے ویل چیئراستعمال کرنے والے عمرہ زائرین کی آمد ورفت ہوگی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے مسجد الحرام میں آنے والے زائرین کی سہولت کےلیے متعدد انتظامات کیے ہیں تاکہ ماہ رمضان المبارک میں مسجد الحرام آنے والے زائرین کوکسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ویل چیئرکے لیے دروازے مخصوص کرنے سے زائرین کوسہولت ہوگی(فوٹو، ایس پی اے)
انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام آنے والے مخصوص افراد جو ویل چیئراستعمال کرتے ہیں کی آمد ورفت کو آسان بنانے کے لیے آٹھ دروازے مخصوص کیے گئے ہیں جن میں گیٹ نمبر68 ، 74 ،79 ،84 ، 89 ، 90 ، 93 اور94 شامل ہیں۔
مذکورہ دروازوں پرویل چیئرکے لیے خصوصی طورپرڈھلواں راستے بنائے گئے ہیں تاکہ ان افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے علاوہ ازیں ویل چیئرکی وجہ سے عام افراد بھی مشکل میں مبتلا نہ ہوں اورآمد ورفت کا تسلسل برقرار رہے۔