Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹر نیشنل اسکول العزیزیہ میں یوم اقبال

علامہ مسلم نوجوانوں کو شاہین صفت بنانے کے خواہاں تھے ، آج کے طلباءہمارا مستقبل ہیں ، اپنے کل کو مستحکم بنائیں ، پرنسپل محمد بلال کا خطاب
ارسلان ہاشمی ۔ جدہ
پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ میں یوم اقبال کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی ۔ صدر تقریب پرنسپل محمد بلال تھے ۔ منتظمین میں سینئر سیکشن ہیڈ محمد خلیل عمران اور جونیئر سیکشن ہیڈ عبدالعلیم عامر تھے ۔ نظامت کے فرائض مشتاق ملک نے انجام دیئے ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عمیر عابد نے حاصل کی ۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم فیصل ریاض نے پیش کی ۔ احمد زبیر نے ” خودی کا سرنہاں " ترنم کے ساتھ پیش کیا ۔ طلحہ امین ، معاذ محمد ، محمد احتشام اور انس عزیز نے اردومیں تقاریر کی اور علامہ کی خدمات کو سراہا۔ داﺅد کامران احسن نے انگریزی میں اقبال کی ملی اور سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ عبدالرحمان قریشی نے " لوح بھی تو قلم بھی تو " پیش کیا ۔ شرجیل اسلم نے ملی نغمہ پیش کیا ۔ صدر تقریب محمد بلال نے اپنے خطاب میں کہا علامہ اقبال نے مسلم نوجوانوں کے لئے شاہین کی صفت کو پیش کرکے اس سے ان باہمت جوانو ںکو اس سے تشبیہ دی ہے جو منزل کا تعین کرنے کے بعد کسی قسم کی مشکلات کو خاطر میں نہیں لاتے ۔ آج کے نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں جنہوں نے کل ملک و قوم کی قیادت سنبھالنی ہے اس لئے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے اندر شاہین کی صفات پیدا کریں ۔ پرنسپل نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو برصغیر واپس لانے کےلئے علامہ نے جو کردار ادا کیا اس سے ہر شخص بخوبی واقف ہے ۔ ہمیں اپنے کل کو بہتر بنانے کےلئے اپنے آج پر بھر پور توجہ دینا ہو گی ۔ انہوںنے طلباءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کے سامنے اسلامی تاریخ کے سنہری ابواب موجود ہیں جن میں ہمیں زندگی کی راہیں متعین کرنے کےلئے بے شمار مواد ملے گا ۔ آپ پاکستان کا کل ہیں اپنے آج کو فضول کاموں میں برباد نہ کریں تاکہ پاکستان کا کل محفوظ ہو سکے ۔ صدر تقریب نے محمدخلیل اور عبدالعلیم عامر کی خدمات کو بھی سراہا جن کی مثالی کاوشوں سے شاندار تقریب کا انعقاد ممکن بنایا جاسکا ۔ تقریب کے اختتام سے قبل حاضرین نے قومی ترانہ پیش کیا ۔ 

******

شیئر: