240 دن کا پیدل سفر، ایک اور پاکستانی حج کے لیے مکہ پہنچ گیا
محمد عمران پاکستان سے یکم جولائی 2022 کو پیدل روانہ ہوئے تھے۔ ( فوٹو: سبق)
پاکستانی شہری محمد عمران 240 دن کا پیدل سفر کر کے عمرے اور حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔
سبق ویب کے مطابق محمد عمران جو پرانے طرز کی ٹرالی پر سفر کا سامان لادے ہوئے تھے، نے آٹھ ماہ میں سات ہزار کلومیٹر سے زیادہ کا سفر طے کیا ہے۔
محمد عمران نے مکہ مکرمہ کے الشرائع محلے میں کنگ فیصل روڈ پر مسجد الحرام جاتے ہوئے سبق سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ’ان کی عمر27 برس ہے۔ مکہ کے سفر کا مقصد اللہ کی رضا، عمرہ اور حج کی ادائیگی ہے۔‘
انہوں نے بتا یا کہ وہ پاکستان سے یکم جولائی 2022 کو پیدل روانہ ہوئے تھے۔ ایران سے گزرتے ہوئے مملکت پہنچے ہیں۔ روزانہ 30 کلو میٹر کا سفر طے کیا۔
نماز فجر کے بعد سے سورج غروب ہونے تک سفر کیا، پھر آرام اور صبح سویرے پیدل سفر شروع کرتا تھا۔
محمد عمران کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران بیمار نہیں ہوا البتہ پیر زخمی ہوگئے۔
پیدل چلتے ہوئے مجھے خوشی محسوس ہوتی تھی۔ مسجد الحرام اور خانہ کعبہ کے دیدار کا شوق ہر لمحے تھا۔
پاکستانی عازم حج کے مطابق ’ایران سے ہوتے ہوئے خلیج عرب کے ایک ملک میں قیام کیا اور وہاں سے کویت پہنچا۔ کویت سے بذریعہ جہاز ریاض آیا پھر ریاض سے مکہ تک کا سفر پیدل طے کیا۔‘
’سعودی شہری جب بھی مجھے پیدل چلتا ہوا دیکھتے تو میری ضیافت کرتے۔ انہوں نے ہر جگہ میرے ساتھ اچھا برتاؤ کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور سعودی عوام سے پیار کرتا ہوں۔ دین اسلام اور سچی اسلامی اخوات کے رشتوں سے پاکستانی اہل سعودی عرب سے جڑے ہوئے ہیں۔‘
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب میں مکہ کا سفر پیدل طے کرتے ہوئے میرا فخر ہے کہ سعودی اور پاکستانی پرچم ایک ساتھ لے کر چلوں کیونکہ دونوں ملک اسلامی اخوت سے جڑے ہوئے ہیں۔‘