Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرملکی بچوں کے لیے آن لائن اندراج اور برتھ سرٹیفکیٹ کی سہولت

ولادت کی رپورٹ ہسپتال اپنی ویب سائٹ پر جاری کرتا ہے ( فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں محکمہ احوال مدنیہ (سول افیئرڈپارٹمنٹ) نے کہا ہے کہ ’مملکت میں مقیم غیرملکی برتھ سرٹیفکیٹ آن لائن حاصل کر سکتے ہیں اور نومولود کا اندراج بھی ابشر کے ذریعے کرا سکتے ہیں۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق محکمہ احوال مدنیہ کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب میں پہلے غیرملکیوں کے لیے ضروری تھا کہ  وہ اپنے بچوں کا اندراج احوال مدنیہ دفتر پہنچ کر کرائیں۔ اس کے لیے انہیں اس ہسپتال سے ایک لیٹر حاصل کرنا ہوتا تھا جسے ’تبلیغ ولادۃ‘ (پیدائش کی رپورٹ) کہا جاتا ہے۔‘
یہ رپورٹ محکمہ احوال مدنیہ میں جمع ہوتی تھی۔ اس کے بعد انہیں نومولود کا عارضی برتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا تھا ۔ ویکسین کورس مکمل ہونے پر باقاعدہ برتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا تھا۔
محکمہ احوال مدنیہ نے وزارت صحت کے تعاون سے اب اس میں کئی تبدیلیاں کی ہیں۔ پہلی تبدیلی یہ ہے کہ بچے کی پیدائش کی رپورٹ ہسپتال اپنی ویب سائٹ پر جاری کرتا ہے۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر آن لائن محکمہ احوال مدنیہ سے رجوع کرکے برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ احوال مدنیہ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’نئے طریقہ کار کا ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ اگرکسی کا برتھ سرٹیفکیٹ ضائع ہو جائے اور وہ مملکت سے جا چکا ہو تب بھی اسے اپنے بچوں کے برتھ سرٹیفکیٹ بیرون مملکت حاصل کرنے کی سہولت ہو گی۔‘

شیئر: