’شو میں لفظ پاگل نہیں بولنا‘، کپل شرما کو کس نے اور کیوں منع کیا؟
کپل شرما نے ’واٹ ویمن وانٹ شو ودھ کرینہ کپور‘ میں مختلف سوالات کے جواب دیے (فوٹو: انسٹاگرام، کپل شرما)
بالی وڈ اداکار اور کامیڈین کپل شرما نے کہا ہے کہ حال ہی میں ایک چینل پر پروگرام سے قبل انتظامیہ نے انہیں لفظ ’پاگل‘ استعمال کرنے سے منع کیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق چند روز پیشتر کپل شرما ’واٹ ویمن وانٹ ودھ کرینہ کپور‘ میں مہمان بنے جہاں انہوں نے اپنی فلم زویگاڑو سے متعلق اور دوسرے سوالات کے دلچسپ جواب دیے۔ طنزومزاح کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کامیڈینز کو کچھ معاملات میں محتاط رہنا پڑتا ہے۔
جب ان سے کرینہ کپور نے پوچھا کہ 10 سال قبل لوگ جس مذاق سے محظوظ ہوتے تھے اب اس پر غصہ کر جاتے ہیں۔ اس لیے پروگرام کی تیاری کرتے وقت کن باتوں کو مدنظر رکھتے ہیں؟
اس پر کپل شرما نے بتایا کہ جب میں امرتسر سے شوبز میں آیا اس وقت پنجاب میں مذاق اس حد تک عام تھا کہ شادیوں کے موقع پر لڑکی والے دولہے کو مختلف ناموں سے پکار کر چھیڑتے تھے جبکہ جسمانی خدوخال پر بھی جملے کسے جاتے تھے جو کہ وہاں کی ثقافت میں شامل تھا مگر اب یہ باتیں ’باڈی شیمنگ‘ بن گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب چینلز کے لیے پروگرام کرتے ہیں تو ان کی جانب سے آپ کو کچھ الفاظ نہ بولنے کی ہدایات دی جاتی ہیں۔
’حالیہ دنوں میں ہی ایک چینل کی جانب سے کہا گیا کہ آپ لفظ ’پاگل‘ استعمال نہیں کر سکتے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اس کی وجہ سمجھ نہیں آئی اور میں نے پوچھا کیوں، جس پر بتایا کہ دراصل اس پر لوگ برا منا جاتے ہیں۔‘
کپل شرما نے ’پاگل‘ کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک ایسا لفظ ہے جسے ہم عام طور پر اپنے بچوں اور بہن بھائیوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔
’میں کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ ہم پیچھے کی طرف جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے شاعر جاوید اختر کے اس جملے کو دوہرایا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایسا ڈائیلاگ نہیں لکھ سکتے جو ’شعلے‘ فلم میں دھرمیندر نے لارڈ شیوا کے بت کے پیچھے چھپتے وقت بولا تھا، کیونکہ اب لوگ اس پر برہم ہو جائیں گے۔