ایمبولینس کو راستہ نہ دینا ٹریفک خلاف ورزی: ہلال احمر اور محکمہ ٹریفک
ہلال احمر کا کہنا ہے کہ نئی پابندی ٹریفک سلامتی کو یقینی بنانے کی خاطر لگائی گئی ہے۔ (فوٹو: عکاظ)
سعودی ہلال احمر اور محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ایمبولینسوں کو راستہ نہ دینا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ’اتوار 26 مارچ سے خود کار نظام کے تحت خلاف ورزی ریکارڈ کرنا شروع کردی گئی ہے۔‘
ہلال احمر کا کہنا ہے کہ نئی پابندی ٹریفک سلامتی کو یقینی بنانے اور جانوں کے تحفظ کی خاطر لگائی گئی ہے۔
’رائے عامہ سے اپیل کی جا چکی ہے کہ ایمبولینس کو ترجیحی بنیاد پر گزرنے کا موقع دیا جائے۔ ایمبولینس کے پیچھے گاڑیاں نہ دوڑائی جائیں یہ بھی ٹریفک خلاف ورزی ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’موجودہ مرحلے میں خلاف ورزی خود کار سسٹم کے تحت دو حوالوں سے ریکارڈ ہو گی۔ ایک تو ایمبولینس کو آگے بڑھنے سے روکا جائے دوسرے یہ کہ ایمبولینس کا تعاقب کیا جائے۔‘
ہلال احمر نے بیان میں اس یقین کا اظہار کیا کہ ’تمام لوگ جانوں کی سلامتی کی خاطر نئی پابندی پرعمل درآمد کو یقینی بنانے میں تعاون کریں گے۔‘