ریاست کینٹکی میں دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز تباہ، 9 امریکی فوجی ہلاک
جمعرات 30 مارچ 2023 17:22
کنٹیکی کے گورنر اینڈی بیشر نے کہا تھا کہ ہیلی کاپٹر کریش میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ (فوٹو: اے پی)
امریکی ریاست کینٹکی میں فوج کے دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز گر گئے جس میں نو فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فوج کے ایک ترجمان نانڈائس تھرمن کا کہنا ہے ’ہیلی کاپٹرز معمول کی تربیتی پرواز کے دوران بدھ کی رات کو گر گئے تھے۔‘
فورٹ کیمپبل کے ایک ترجمان کے مطابق دو ایچ ایچ 60 بلیک ہاکس ہیلی کاپٹرز رات دس بجے کے قریب گرگئے۔ دونوں ہیلی کاپٹر 101 ایئربون ڈویژن کا حصہ تھے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کریش کی تحقیقات ہورہی ہے تاہم اس وقت پوری توجہ حادثے کا شکار ہونے والے فوجیوں اور ان کے خاندانوں پر ہے۔
قبل ازیں کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشر نے کہا تھا کہ ہیلی کاپٹر کریش میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
کنٹیکی سٹیٹ پولیس کے ترجمان سارہ برگس کا کہنا تھا کہ ’ہیلی کاپٹرز کھیت میں گرگئے جہاں درختیں بھی ہیں۔‘
فورٹ کیمپبل ریاست ٹینیسی کی سرحد کے قریب واقع ہے۔
نک تھوماس زیوسکی جو کہ حادثے کی جگہ کے قریب ہی رہتے ہیں نے اے پی کو بتایا کہ انہوں نے کریش سے چند لمحے پہلے دونوں ہیلی کاپٹرز کو گھر کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے دیکھا۔
’بیوی کے ساتھ میں کسی وجہ سے باہر بیٹھا تھا جب میں نے ہیلی کاپٹرز کو دیکھ کر کہا، یہ ہیلی کاپٹرز تو بہت نیچے پرواز کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کے بہت قریب ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہیلی کاپٹرز اوپر سے گزرے اور واپس مڑے اور اس کے چند لمحوں کے بعد میں نے دیکھا جیسے فضا میں پٹاخے چھوڑے گئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں اس طرح کی پروازیں تربیتی مشقوں کے دوران عام ہے اور ہیلی کاپٹرز بہت نچلی پرواز بھی کرتے ہیں لیکن ایکدوسرے کے اتنے قریب پرواز نہیں کرتے۔