ریاض: ہوائی فائرنگ اور گاڑیوں کو ٹکر مارنے والا گرفتار
گرفتاری کے وقت ملزم نشے کی حالت میں تھا(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض میں شاہراہ پرہوائی فائرنگ کرنے اور گاڑیوں کو جان بوجھ کر ٹکرمارنے والے شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزم کے بارے میں اطلاع ملنے پرپراسیکیوشن جنرل نے اس کی فوری گرفتاری کے احکامات صادر کیے تھے۔
سبق نیوز کے مطابق ریاض کے جنوبی علاقے میں ایک شخص نے اپنی گاڑی سے متعدد گاڑیوں کو ٹکرانے کے بعد وہاں ہوائی فائرنگ کرکے خوف وہراس پھیلا دیا تھا۔
ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پرملزم کے بارے میں وائرل ہونے والی وڈیو کے ذریعے اس کی شناخت کا عمل مکمل کیا گیا ۔
وڈیو میں دیکھا جاسکتا تھا کہ ملزم نے ریاض کے جنوبی علاقے جہاں گاڑیوں کے شورومز ہیں وہاں متعدد گاڑیوں کوجان بوجھ کراپنی گاڑی سے ٹکرماری بعدازاں وہاں سے فرار ہونے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔
ریجنل ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کوگرفتار کرلیا گیا ہے جوسعودی شہری ہے۔ گرفتاری کے وقت معلوم ہوا کہ ملزم نشے کی حالت میں تھا۔
ہونے والے نقصانات کے حوالے سے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کی قصدا گاڑی ٹکرانے سے 7 گاڑیوں کو نقصان ہوا جبکہ دوافراد زخمی ہوئے۔
ملزم کا طبی معائنہ کرنے کے بعد اس کی ابتدائی رپورٹ درج کرلی گئی۔ ایف آئی آر ادارہ پراسیکیوشن کوبھیج دی گئی جہاں کیس کی مزید تحقیقات کی جائیں گی۔
واضح رہے ملزم کے بارے میں سوشل میڈیا پروڈیو وائرل ہوتے ہی پراسیکیوشن جنرل نے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات صادر کیے تھے جس پرپولیس فوری طورپرحرکت میں آئی اورملزم کوگرفتار کرکے اس کا مقدمہ پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔