مسجد الحرام میں تیسری سعودی توسیع کی چھت نمازیوں کے لیے کھول دی گئی
مسجد الحرام میں تیسری سعودی توسیع کی چھت نمازیوں کے لیے کھول دی گئی
جمعہ 31 مارچ 2023 14:26
توسیع کی چھت پرجانے کے لیے 123 اور165 دروازے کو استعمال کیاجائے(فوٹو، ٹوئٹر)
مسجد الحرام میں سعودی حکومت کی تیسری توسیع کی چھت اس سال پہلی بار نمازیوں کے لیے کھول دی گئی۔ آٹھ رمضان جمعرات کی شب نماز عشا اور نویں ویں تراویح زائرین کی بڑی تعداد نے نئی توسیع کی چھت پر ادا کی ۔
سبق نیوز کے مطابق مسجد الحرام میں توسیعی کاموں کے نگران اعلیٰ انجینئرولید المسعودی نے بتایا کہ ’مسجد الحرام کی تیسری توسیع کی چھت پر 12 ہزار سے زائد مصلے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ آب زم زم کے کولرز بھی رکھے گئے ہیں۔
تیسری توسیع کی چھت پرجانے کے لیے الیکٹریکل زینوں کی سہولت موجود ہے۔
المسعودی نے مزید بتایا کہ مسجد الحرام میں کی جانے والی تیسری تعمیراتی توسیع کی چھت گزشتہ شب پہلی بار کھولی گئی ہے جہاں 12 ہزار سے زائد افراد نے باجماعت نماز ادا کی ۔ زائرین کی سہولت کے لیے تمام انتظامات پہلے ہی مکمل کر لیے گئے تھے۔
تیسری توسیع کی چھت پرجانے کے حوالے سے سوال پرالمسعودی کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام کے دروازے 123 اور165 پرموجود بجلی کے زینے موجود ہیں جن کے ذریعے تیسری توسیع کی چھت پرباسانی پہنچا جاسکتا ہے۔