Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیونس میں کنگ عبدالعزیز جامع مسجد کی تزئین مکمل

مسجد میں بیک وقت 3500 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
تیونس میں سعودی سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الصقر نے کہا ہے کہ سعودی ترقیاتی فنڈ نے 20 لاکھ ریال سے تیونس میں کنگ عبدالعزیز آل سعود جامع مسجد کی تزئین کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح تیونس میں مختلف مقامات پر مساجد تعمیر کرائی ہیں۔ بیشتر مساجد سعودی ترقیاتی فنڈ نے تعمیرکرائیں۔

سعودی سفیر الصقر کا کہنا ہے کہ ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد وژن 2030 کے تناظر میں تمام عرب اور مسلم ملکوں میں عبادت گھر تعمیر کراتے رہے ہیں۔‘

تیونس میں کنگ عبدالعزیز جامع مسجد اب سے 35 برس قبل تیونس کی سپریم اسلامی کونسل کے سابق سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الوصیف کی تجویز پر تعمیر کرائی گئی تھی۔
ڈاکٹر الوصیف ان دنوں مملکت کی ایک یونیورسٹی میں اسلامی فقہ کے استاد تھے۔ تیونس واپسی پر انہوں نے سعودی حکومت سے جامع مسجد کی تعمیر کے لیے فنڈ حاصل کیا تھا۔ 

کنگ عبدالعزیزجامع مسجد 500 مربع میٹر کے رقبے پر بنی ہوئی ہے، تین منزلہ ہے۔ اس میں 3500 افراد بیک وقت نماز ادا کرسکتے ہیں۔ اس کی ایک منزل خواتین کے  لیے مختص ہے۔ اس کی تعمیر میں سعودی پرچم کے تناظر میں سفید اور سبز رنگ استعمال کیے گئے ہیں۔

جامع مسجد کے امام شیخ اسماعیل الینبعی نے کہا کہ ’اس وقت مسجد کی تعمیر کا سارا خرچہ شاہ فہد بن عبدالعزیزنے ادا  کیا تھا۔ یہ تیونس کی کنگ عبدالعزیز سٹریٹ پر واقع ہے۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: