Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان رائس ایکسپورٹ کے وفد کا دورہ

دوطرفہ تجارت کے فروغ کےلئے ہر طرح کا تعاون کرینگے ، مازن بترجی ، مملکت کےلئے پاکستانی مصنوعات کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو گا ، میاں محمود ،صدر پاک ، سعودی چیمبر آف کامرس
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستانی رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن اور پاک سعودی مشترکہ ایوان صنعت و تجارت کے 14رکنی وفد کا دورہ مملکت کامیاب رہا ۔ جدہ ایوان صنعت و تجارت کے ساتھ طویل المدتی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ۔ اشیائے خورونوش کی دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کےلئے جامع منصوبہ بندی پر بھی غور کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاک ، سعودی مشترکہ چیمبر آف کامرس کے وفد کی سربراہی چیمبر کے صدر میاں محمود کر رہے ہیں جبکہ پاکستان رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کی سربراہ شاہ جہاں ملک ہیں ۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر جدہ ایوان صنعت و تجارت کے ڈپٹی چیئر مین مازن بترجی،اشیائے خورونوش کے معروف مقامی تاجروں کے علاوہ قونصلیٹ کے اعلی عہدیدار بھی موجود تھے ۔ جدہ چیمبر کے ڈپٹی چیئر مین مازن بترجی نے پاکستان رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفد کو مملکت میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا اس طرح کے وفود کا تبادلہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کےلئے انتہائی اہم ثابت ہوتا ہے ۔سعودی عرب اور پاکستان کے مابین جو برادرانہ تعلقات ہیں انہیں دیکھتے ہوئے ہم تجارتی تعلقات کے فروغ کےلئے بھی کوشاں ہیں۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط اہداف کے حصول کےلئے سنگ میل ثابت ہو گا ۔ بترجی نے اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی کہ جدہ ایوان صنعت و تجارت کی جانب سے قونصلیٹ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ دو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے مقررہ اہداف حاصل کئے جاسکیں ۔ اس موقع پر رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وائس چیئر مین شاہ جہاں ملک جو وفد کی سربراہی بھی کر رہے ہیں نے کہا کہ چاول کے حوالے سے پاکستان، سعودی عرب کی مارکیٹ کی ضروریات بہتر طور پر پورا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔انہو ں نے وفد کے دورے کے حوالے سے کہا کہ مقامی چاول کے اہم تاجروں سے ملاقاتیں مفید رہیں۔واضح رہے کہ پاکستانی چاول کے تاجروں کے وفد نے مقامی سپر اور ہائپر مارکیٹوں کے اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں کی جن میں پاکستانی چاول کے اعلی معیار اور مقامی طلب کے مطابق نرخ زیر بحث آئے ۔ سعودی تاجروں نے پاکستانی چاول کے معیار کو سراہتے ہوئے انہیں مقامی مارکیٹ کی طلب قرار دیا ۔ دوسری جانب پاک ، سعودی مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں محمود کا کہنا تھا کہ پاکستانی چاول کا اعلیٰ معیارہی اس کی واحد شناخت ہے ۔ سعودی عرب کے لئے پاکستانی ایکسپورٹ میں مزید اضافہ کیا جائیگا جس کےلئے دونوں ممالک کے باہمی تعاون سے حکومتی سطح پر مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تشکیل دیا گیا ہے ۔ چیمبر کے قیام کا مقصد دوطرفہ تجارت کا فروغ ہے ۔ میاں محمود کا کہنا تھا کہ موجودہ قونصل جنرل اور کمرشل قونصلر کی جانب سے دوطرفہ تجارت کے فروغ کےلئے انتہائی اہم کام کئے جارہے ہیں ۔ دوطرفہ وفود کے تبادلے وقت کی اہم ضرورت ہیں اس عمل کو جاری رکھیں گے ۔ 

شیئر: