ریاض ایئرپورٹ سے 3 ماہ کے دوران 73 لاکھ افراد نے سفر کیا
بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کی تعداد میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے( فوٹو: ٹوئٹرمطارات الریاض)
سعودی عرب میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض سے سال رواں 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 73 لاکھ افراد نے سفر کیا۔ 2019 کی پہپلی سہ ماہی میں سفر کرنے والوں کی تعداد 6.6 ملین تھی۔
اخبار 24 کے مطابق کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گزشتہ سال 2022 کے دوران کمرشل فلائٹس کی تعداد 49 ہزار ریکارڈ کی گئی۔ 2019 کی پہلی سہ ماہی میں پروازوں کی تعداد 46 ہزار تھی۔
مطارات الریاض کمپنی کا کہنا ہے کہ’ 2019 کے مقابلے میں 2023 کے دوران داخلی پروازوں سے سفر کرنے والوں کی تعداد میں دو فیصد اور بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کی تعداد میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے‘۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ’سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران کنگ خالد انٹرنیشنل ایْئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کی یومیہ اوسط تعداد 81 ہزار سے زیادہ رہی جبکہ 2019 کی پہلی سہ ماہی میں مسافروں کی تعداد 77 ہزار تھی‘۔
’ ایئرپورٹ سے یومیہ پروازوں کی اوسط تعداد 550 تک پہنچ چکی ہے۔ شام کے سات بجے ہفتے کے ساتوں دن ایئرپورٹ مصروف ترین ہوتا ہے‘۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کام کرنے والوں کی تعداد پچیس ہزار سے زیادہ ہے۔ سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران یہاں سے پچاس فضائی کمپنیاں پروازیں چلا رہی ہیں۔ ان میں سے 47 کمرشل اور تین کارگو ہیں۔ 2019 میں فضائی کمپنیوں کی تعداد 34 تھی، اس میں اضافہ 47 فیصد ہوا ہے۔
سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران کنگ خالد ایئرپورٹ سے 82 ایئرپورٹس کے لیے پروازیں چلائی گئی ہیں۔ اس میں اضافہ 9.3 فیصد ہو۔ 24 داخلی اور 58 بین الاقوامی ائیرپورٹس کے لیے پروازیں چلائی گئی ہیں۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی سہ ماہی کے دوران 71 ہزار ٹن سامان بھیجا اور وصول کیا گیا۔ 2019 کی پہلی سہ ماہی میں 52 ہزار ٹن سامان بھیجا اور وصول کیا گیا تھا۔