Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں پاکستانی فوج کی وردی میں ملبوس جعلی کپتان گرفتار

پچھلے ہفتے ایسی ہی گرفتاری مردان میں دیکھنے میں آئی تھی جہاں پولیس نے ایک جعلی میجر کو گرفتار کیا تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے جو اپنا تعارف بطور پاکستان آرمی کا افسر کرواکر لوگوں کو دھوکا دینے اور رقم لوٹنے میں ملوث ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد پولیس نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’دوران پٹرولنگ پاک آرمی کی وردی میں ملبوس (خود کو کپتان ظاہر کرنے والے) جعل ساز کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔‘
پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ تھانہ شالیمار کی ایک ٹیم نے ملزم کے قبضے سے جعلی آرمی کارڈز، فائلیں اور دیگر اشیا بھی برآمد کی ہیں اور گرفتار ہونے والا شخص ’آرمی کے نام سے جعلی فائلیں تیار کرکے سادہ لوگوں میں فروخت کرکے انہیں لوٹتا تھا۔‘
 
واضح رہے رواں مہینے کے آغاز میں خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس نے ایک ایسی ہی کارروائی کے دوران ایک جعلی میجر کو گرفتار کیا تھا۔
گرفتار ہونے والے شخص کی گاڑی سے 60 کلوگرام چرس برآمد ہوئی تھی اور گرفتاری کے وقت ملزم نے پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے فوج کی وردی زیبِ تن کر رکھی تھی۔
ملزم ایبٹ آباد کا رہائشی ہے جس نے میجر کی جعلی وردی پہنی ہوئی تھی اور گاڑی پر بھی جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔
محکمہ ایکسائز کے ترجمان کا اس گرفتاری کے حوالے سے کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف منشیات سمگلنگ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پاکستان آرمی کو بدنام کرنے کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

شیئر: